دوسروں کی خدمت بعد میں پہلے اپنا خیال رکھئے

کیا آپ نے گھریلو ذمہ داری پوری کرنے کیلئے تعلیم ترک کردی تھی ؟ ایسا ہندوستان میں اکثر خواتین کے ساتھ ہوتا ہے ۔ شادی طے پاجانے یا مالی مسائل کی بنا پر اکثر لڑکیاں ، اسکول کبھی کبھی کالج اور یونیورسٹی کی پڑھائی بھی ترک کردیتی ہیں اور پھر گھریلو مصروفیت کا ایسا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے کہ اپنے بچوں کو پڑھانے کیلئے وقت نکالنا مشکل ہوجاتاہے ۔

اپنی پڑھائی مکمل کرنا تو جیسے کوئی خواب ہے ۔ ان تمام مسائل کو مدنظر رکھنے اور سمجھنے کے باوجود ہمارا مشورہ ہے کہ اپنی شخصیت کو مکمل طور پر فراموش کردینے سے پہلے خود سے ایک بار یہ سوال ضرور پوچھئے کہ کیا آپ تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں ؟ کیا آپ اس تعلیمی سلسلے کو دوبارہ جوڑنا چاہتی ہیں جو چند سال پہلے مشکل حالات کی بناء پر ٹوٹ گیا تھا ؟ علم حاصل کرنے کیلئے جذبہ چاہئے ۔ یہ کسی خاص عمر کے افراد تک محدود نہیں ۔ ہر عمر کے افراد کسی بھی وقت اپنی لگن اور کوشش سے یہ سلسلہ قائم کرسکتے ہیں ۔ صرف تعلیم ایک ایسا خزانہ ہے جس کو حاصل کرنے کا سفر کسی بھی وقت شروع کیا جاسکتا ہے ، اس کیلئے عمر کی کوئی قید نہیں اور نہ ہی کوئی اصول ، یہ حق آپ سے چھین سکتا ہے ، اس لئے ہمارا مشورہ ماننے اور اپنی شخصیت کو تعلیم و تربیت کی کوشش ترک نہ کیجئے ۔ مشکل حالات آتے ہیں ، ان کا سامنا کرنا بھی ضروری ہے ، لیکن اپنے خواب اور مقصد کو کسی مشکل کے سبب ہمیشہ کیلئے ترک کردینا ٹھیک نہیں ۔ ہم خواتین کی سب سے بڑی مشکل یہ ہے کہ وہ خود فراموشی کو سب سے بڑی خوبی مانتی ہیں ، یہ حقیقت نہیں ،کسی کی خدمت یا کسی کا خیال رکھنے کیلئے سب سے پہلے اپنا خیال رکھنا ضروری ہے ۔