چٹگانگ۔8فبروری( سیاست ڈاٹ کام ) مومن الحق نے ایک ناقابل شکست سنچری اسکور کرتے ہوئے سری لنکا کے خلاف یہاں دوسرے ٹسٹ کو ڈرا کرنے میں اہم رول ادا کیا لیکن سری لنکا نے میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز 1-0سے اپنے نام کرلی ۔ بنگلہ دیش کو دوسرے ٹسٹ میں کامیابی کیلئے 467رنز کا ایک انتہائی مشکل نشانہ عبور کرنا تھا تاہم وہ دن کے اختتام پر 271رنز بنائے اور اسے تین وکٹوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا ۔ ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم میں منعقدہ دوسرے ٹسٹ کے پانچویں دن 22سالہ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین مومن الحق نے جیسے ہی اپنے ٹسٹ کی تیسری سنچری مکمل کی ‘ مقابلہ کو ڈرا کے طور پر تسلیم کرلیا گیا ۔ دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین شکیب الحسن رہے جنہوں نے 43رنز اسکور کرنے کے علاوہ تیسری وکٹ کیلئے 120رنز کی پارٹنرشپ نبھائی اور چائے کے وقفہ سے قبل ٹیم کے اسکور کو 151/3 رنز تک پہنچایا ۔ سری لنکا جس نے گذشتہ ہفتہ ڈھاکہ میں منعقدہ پہلے ٹسٹ میں ایک اننگز اور 248رنز کی کامیابی حاصل کی تھی جس کی بدولت وہ سیریز میں 1-0کی کامیابی حاصل کرلی ۔ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان 16ٹسٹ مقابلوں میں یہ دوسرا موقع ہے کہ ٹسٹ بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوا جب کہ سری لنکا نے 14فتوحات میں 8مرتبہ اننگز اور اس سے زائدرنز کی کامیابی حاصل کی ہے ۔ بنگلہ دیشی کپتان مشفق الرحیم نے کہا کہ مقابلہ کو ڈرا کرنے کے بعد کھلاڑیوں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور اُمید ہے کہ وہ ونڈے میں سری لنکا کے خلاف بہتر مظاہرہ کرے گی ۔