دوست کی بیوی کی خاطر دوست کو ہلاک کرنے کی کوشش ناکام

حیدرآباد /18 مارچ ( سیاست نیوز ) دوست کی بیوی کی خاطر دوست کو ہلاک کرنے کی کوشش کو مقامی عوام نے ناکام بنادیا اور اسی کے ساتھی کو اور اس کے حامیوں کو مارپیٹ کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کردیا ۔ یہ واقعہ ونستھلی پورم کے علاقہ صاحب نگر میں پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اپنے ساتھی رامو اور اس کے حامیوں کے مبینہ حملہ میں زخمی دیوی لعل کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ دیوی لعل اور رامو آپس میں ساتھی ہیں ۔ دیوی لعل پیشہ سے میستری اور رامو مکانات کی تعمیر کرنے کے بعد اسے فروخت کرنے کا کاروبار کرتا تھا اور علاقہ میں بلڈر کی حیثیت سے مشہور ہے ۔ دونوں کام آپس میں مل کر کیا کرتے تھے ۔ یہ بات سب انسپکٹر ونستھلی پورم مسٹر راج ملاریڈی نے بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ راملو اور دیوی لعل کے درمیان مبینہ طور پر اندرونی رسہ کشی چل رہی تھی چونکہ رامو پر سنگین الزامات ہیں کہ اس کے اور دیوی لعل کی بیوی کے درمیان مبینہ ناجائز تعلقات قائم تھے اور دونوں اکثر تنہائی میں ملاقات کیا کرتے تھے ۔ دیوی لعل کی مکان میں غیر موجودگی پر رامو اس کے مکان جایا کرتا تھا ۔ ایسے ہی چند الزامات ان کے خلاف پائے جاتے ہیں ۔ گذشتہ روز ایک پلاٹ کے معاہدہ کے بعد دونوں اپنے مقام وینکٹیشورا کالونی گئے اور بار میں کثرت سے شراب نوشی کی اور واپسی کے دوران صاحب نگر میں کار روکی جس کے بعد دیوی لعل نے چیخ و پکار شروع کردی جس کو دیکھ کر مقامی عوام چوکس ہوگئے اور انہیں شدید زدوکوب کرنے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔