دوستانہ ماحول کے فروغ کیلئے ریاپڈایکشن فورس کی ریالی

مکتھل ۔ 19نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مکتھل میںکل امن عامہ کی برقراری و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانے اور ہندو مسلم بھائی چارگی اور اتحاد کے فروغ و دوستانہ ماحول کیلئے استحکام کیلئے اچانک سنٹرل ریزرو پولیس (CRP)سے تعلق رکھنے والی ریاپڈ ایکشن فورس کی ایک بٹالین مکتھل پہنچی اور سب انسپکٹر پولیسمکتھل مسٹر این اشواک کی نگرانی میں ہندو مسلم قائدین کے ایک وفد سے پولیس اسٹیشن میں خوشگوار تبادلہ خیال کیا ۔ ریاپڈایکشن فورس کے اسپیشل آفیسر اشوک نگوٹے اور ان کے معاون مسٹر راجیش کمار نے بتایا کہ سی آر پی کی اسپیشل بٹالین مختلف پولیس اسٹیشنوں کا دورہ کرتے ہوئے فرقہ وارانہ صورتحال کا جائزہ لیکر عوام کے ہر طبقہ سے استفسار کیا جارہا ہے کہ سیول پولیس کے حدود سے آگے شدید ضرورت پر ہماری مدد بھی عوام کیلئے ہوتی ہے ‘ تاہم اچھی اور بہترین صورتحال یہ ہیکہ عوام کو ہماری مدد تک کی صورتحال پیدا نہ ہو۔ سی آر پی اسپیشل بٹالین کے ان عہدیداروں نے مکتھل کے امن و امان اور بھائی چارگی کی فضاء و ماحول پر مسرت کا اظہار کیا کہ یہاں امن والا ماحول ہے اور ہماری بھی خواہش ہے کہ آپ سب بھائی چارگی اور اتحاد محبت کے ساتھ رہیں ۔ اس موقع پر مسٹر بیکونڈیا ریاستی سکریٹری بی جے پی ‘ کرنی سوامی ‘ کے وینکٹیش ‘ سری ہری ( کانگریس) ‘ تائبپا( تلگودیشم ) کے علاوہ مسلم قائدین الحاج غلام عباس علی ‘ مولانا عبدالقوی حسامی ‘ خطیب عبدالقدیر ‘ قاضی شہاب الدین ‘ شاہ عالم چاؤش ‘سلیم کارپنٹر ‘ جمشید و دیگر موجود تھے ۔ اس اجلاس میں ہندو مسلم دونوں طبقوں نے مکتھل کی پُرامن صورتحال سے عہدیداروں کو واقف کروایا ‘ سب انسپکٹر پولیس مکتھل این اشوک نے تمام حاضرین سے اظہار تشکر کیا ۔ بعد ازاں اسپیشل بٹالین جو مردو خواتین پر مشتمل تھی پولیس اسٹیشن تا گورنمنٹ سیول ہاسپٹل فلیگ مارچ کیا اور ٹاؤن میں ریالی نکالی ۔