یادگیر میں عید ملاپ تقریب، قائدین جماعت اسلامی کا خطاب
یادگیر /24 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسلامی تہذیب آپسی محبت، رواداری اور یکجہتی سے ہی اس ملک کے مستقبل کو تابناک بنایا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جناب لال حسین الکل لکچرار جماعت اسلامی ہند شاخ یادگیر کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عید ملاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر اننت مورتی گیان پیٹھ ایوارڈ یافتہ کنڑا ادیب کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی مناکر خراج پیش کیا گیا۔ جلسہ کا آغاز قاری عبد المنان کی قراء ت کلام پاک سے ہوا۔ غلام محبوب خیاط امیر جماعت اسلامی ہند شاخ یادگیر نے افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام صرف مسلمانوں کے لئے نہیں، بلکہ تمام انسانیت کے لئے پسند کیا گیا ہے۔ ہم مسلمانوں کی یہ اہم ذمہ داری ہے کہ اسلام کی دعوت برادران وطن تک پہنچائیں اور اسے عام کریں۔ اسی ضمن میں یہ جلسہ عید ملاپ منعقد کیا گیا ہے۔ اس موقع پر چنا ریڈی پاٹل تنور سابق ایم ایل سی، مولالی اپنور سینئر صحافی اینا ہنڈیکار، قاضی محمد امتیاز الدین صدیقی، عبد السلیم گوگی، فقیر محمد خوط اور ڈاکٹر رفیق سوداگر نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔ صدر مجلس تعمیر ملت قاضی امتیاز الدین نے کہا کہ اس ملک کی آزادی کے لئے ہندو۔ مسلم دونوں نے مل کر قربانیاں دیں، مگر افسوس کہ آج مسلمانوں اور خاص طورپر علماء کی قربانیوں کو فراموش کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر غلام الثقلین، بدرالزماں ایچ ایم، غلام جیلانی، صابر فخر الدین، ذاکر احمد، نجم الدین، کریم نالواری، محمد منصور احمد افغان صدر عیدگاہ قدیم کمیٹی یادگیر کے علاوہ عبد الواسع خوط صدر ڈبلیو پی آئی، اراکین جماعت اسلامی، ایس آئی او اور جی آئی او کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔