دورہ ہند کی وجہ سے سری لنکا کو نقصان : عہدیدار

کولمبو ۔ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جلد بازی میں طئے کئے گئے سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے دورہ ہند کا نقصان ورلڈ کپ میں ہوا ہے جو کوارٹر فائنل سے باہر ہوچکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سری لنکائی کرکٹ بورڈ کے عہدیدار نے ورلڈ کپ میں سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے مظاہروں کا جائزہ لینے کے بعد ارباب مجاز کو پیش کی گئی رپورٹ میں کیا ہے۔ سری لنکا کرکٹ کے چیرمین جینتا دھرماداسا کو تحریر کردہ مکتوب میں شمی سلوا نے کہا ہیکہ ہندوستان کا دورہ جو عجلت میں طئے کیا گیا تھا، جس میں سری لنکائی ٹیم کو 5-0 کی شکست بھی ہوئی اور اس دورہ کی وجہ سے سری لنکائی کرکٹ ٹیم کا فٹنس پروگرام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہیکہ فوری طور پر ایگزیکیٹیو کمیٹی کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا جائے تاکہ سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے ٹورنمنٹ سے جلد اخراج کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال ہوسکے۔ سلوا نے ٹیم کے انتخاب میں بھی فاش غلطیوں کا تذکرہ کیا ہے اور کہا ہیکہ کھلاڑیوں کا انتخاب سیاسی اثرورسوخ کے ذریعہ کیا گیا ہے اور موجودہ کوچ کا بھی ٹیم کی شکست میں اپنا رول رہا ہے۔ سلوا نے ٹیم کے کوچ مارون اٹاپٹو کا نام لئے بغیر کہا ہیکہ سری لنکائی ٹیم ورلڈ کپ میں بہتر مظاہرہ کرسکتی تھی بشرطیکہ اس کا دیگر عملہ بہتر افراد پر مشتمل ہوتا۔ چیرمین آف سلیکٹر سنت جئے سوریا پر بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔ تاہم کوچنگ عملہ کے درمیان آپسی رسہ کشی کو مسترد کردیا ہے جس کی وجہ سے ٹیم کا مظاہرہ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا ہیکہ ٹیم کو بیرونی کوچ کی ضرورت ہے کیونکہ 1999ء کے بعد پہلی مرتبہ سری لنکائی ٹیم سیمی فائنل میں رسائی سے محروم ہوئی ہے۔ 2011 اور 2007ء میں وہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے خلاف فائنل میں شکست برداشت کرچکی ہے۔