کولمبو ۔ 14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف رواں ونڈے سیریز میں سری لنکائی بیٹسمینوں کی 4-0 کی شکست پر اظہارخیال کرتے ہوئے ٹیم کو عالمی چمپیئن بنانے والے سابق کپتان ارجنا رانا تنگا نے کہا کہ سیریز میں ناکامی کے ذمہ دار کھلاڑی نہیں بلکہ انتظامیہ ہے کیونکہ اس سیریز کی وجہ سے سری لنکائی ٹیم کی ورلڈ کپ تیاریوں کو نقصان ہوا ہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے دورہ ہند کو ادھورا چھوڑنے کے بعد سری لنکائی ٹیم ہندوستان کے خلاف ونڈے سیریز کھیل رہی ہے اور وہ 4-0 سے پیچھے ہے جس پر رانا تنگا نے کہا کہ سری لنکائی ٹیم کی ورلڈ کپ کی تیاریوں کو نقصان پہنچانے میں سری لنکا کرکٹ، وزارت اسپورٹس ، ان کے ساتھی کھلاڑی سنت جئے سوریا ، مارون اٹاپٹو اور کپتان انجیلو میتھیوز ذمہ دار ہیں۔ راناتنگا کے بموجب ہندوستانی مظاہروں کی وجہ سے سری لنکائی ٹیم اب ذہنی تناؤ میں مبتلاء ہے۔