کراچی۔ 2 ؍ مئی ( سیاست ڈاٹ کام) اوپنر احمد شہزاد اور وکٹ کیپر بیٹسمین عمر اکمل کو حالیہ ناقص فارم اور غلط برتاؤ کی وجہ سے دورۂ انگلینڈ کے لئے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست سے خارج کر دیا گیا ۔ انضمام الحق کی صدارت میں نئی سلیکشن کمیٹی نے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے اور فہرست میں ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا نام بھی شامل نہیں ہے ‘ کیونکہ مذکورہ دورہ پر پاکستانی ٹیم ایک ہی ٹوئنٹی 20 مقابلہ کھیلے گی ۔ انضمام الحق نے لاہور میں میڈیا کانفرنس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو انگلینڈ کے دورۂ کے لئے ٹریننگ کیمپ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی اصل وجہ ماضی میں ان کا غلط برتاؤ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ کھلاڑیوں کا نہ فارم بہتر ہے اور نہ ہی ان کا برتاؤ ٹھیک ہے ۔ لہذا انہیں ٹیم سے خارج کر دیا گیا ہے ۔ 35 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شاہد آفریدی کا نام بھی شامل نہیں ہے لیکن سینئر کھلاڑی محمد حفیظ اپنی فٹنس کی بنیاد پر ٹریننگ کیمپ میں شرکت کرسکتے ہیں ۔ جون کے آخری ہفتہ میں پاکستانی ٹیم انگلینڈ کا دورہ شروع کرے گی اور میزبان ٹیم کے خلاف 4 ٹسٹ ‘ 5 ونڈے اور ایک ٹوئنٹی 20 مقابلہ کھیلے گی ۔ انضمام الحق نے کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ سب سے پہلے مجھے یہ بات واضح کردینی ہے کہ سلیکشن کمیٹی مکمل طور پر آزاد ہے ‘ بورڈ نے ہمیں کچھ رہنمایانہ خطوط فراہم کئے ہیں لیکن کھلاڑیوں کے انتخاب میں قطعی فیصلہ سلیکشن کمیٹی کا ہی ہوگا ۔ انضمام الحق نے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست جاری کرتے ہوئے یہ واضح پیغام دے دیا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ڈسپلن کی خلاف ورزی کو نظرانداز نہیں کیا جائیگا ۔ انضمام نے متنازعہ سابق کپتان سلمان بٹ کے متعلق اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بائیں ہاتھ کے اوپنر کو ٹریننگ کیمپ میں اس لئے شامل نہیں کیا گیا چونکہ وہ پابندی کے ختم ہونے کے بعد کوئی فرسٹ کلاس مقابلہ نہیں کھیلیں ہیں ۔ انضمام نے یونس خان کی شمولیت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کپ میں دوران ٹورنمنٹ سابق کپتان کا باہر چلے جانا سلیکشن کمیٹی کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ بورڈ کے ساتھ جو تنازعہ ہوا تھا اس پر یونس خان نے معافی مانگ لی بلکہ وہ ٹورنمنٹ کا فائنل بھی کھیل چکے ہیں۔ شاہد آفریدی کے متعلق انضمام الحق نے کہا ہے کہ وہ نئی ٹوئنٹی 20 ٹیم تشکیل دینے کے خواہاں ہیں اس لئے شاہد آفریدی انگلینڈ کے دورہ کے لئے ہونے والے کیمپ کا حصہ نہیں ہیں لیکن ضرورت پڑی تو ٹوئنٹی 20 طرز کی کرکٹ کے لئے آفریدی کو طلب کیا جائیگا ۔ سلیکٹروں نے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد عرفان کو بھی کیمپ کے لئے زیر غور نہیں لایا اور کہا ہے کہ ان کے فٹنس معیار اور ضرورت پڑنے پر انہیں ٹوئنٹی 20 کے لئے طلب کیا جاسکتا ہے ۔