ممبئی ۔ 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے انفارم اور نوجوان بیٹسمین کے ایل راہول کو دورہ آسٹریلیا کیلئے ہندوستانی ٹیم میں شامل کئے جانے کے امکانات ہیں جیسا کہ سندیپ پٹیل کی صدارت میں کل یہاں 5 رکنی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس ہوگا جو کہ ہندوستانی ٹیم کا انتخاب کرے گی۔ بنگلور سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ راہول نے دلیپ ٹرافی کے فائنل میں سنٹرل زون کے خلاف ساوتھ زون کی نمائندگی کرتے ہوئے 185 اور 130 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ہیں انہیں سلیکٹرس تیسرے اوپنر کے طور پر ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کرسکتے ہیں جبکہ اننگز کے آغاز کیلئے مرلی وجئے اور شکھردھون پہلی پسند ہوں گے۔ امید کی جارہی ہیکہ راہول کو 33 سالہ گوتم گمبھیر کے مقام پر محفوظ اوپنر کے طور پر ٹیم میں شامل کیا جائے گا جیسا کہ انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی سیریز کے آخری دو مقابلوں میں دھون کے مقام پر گوتم گمبھیر کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن وہ 4 اننگز میں 20 رنز کا ہندسہ عبور نہیں کرسکیں۔ راہول کیلئے ٹیم میں جگہ بنانا آسان نہیں ہوگا کیونکہ ان کے ساتھی کھلاڑی رابن اتھپا بھی اس مقام کرے مضبوط دعویداروں میں شامل ہیں۔ کپتان مہندر سنگھ دھونی کے علاوہ سلیکٹروں کی توجہ دوسرے اور محفوظ وکٹ کیپر کے انتخاب پر بھی مرکوز ہوگی جس کے لئے ویردھمان ساہا اور نمن اوجھا نے کسی ایک کا انتخاب ممکن ہے۔ ساہا کو دورہ انگلینڈ پر بحیثیت دوسرے کیپر ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن دورہ کے درمیان زخمی ہونے کے بعد ان کے مقام پر اوجھا کو موقع دیا گیا تھا۔ سلیکٹروں کیلئے ٹیم کے بولنگ شعبہ کو مضبوط بنانا بھی اہمیت کا حامل ہے لیکن اب دیکھنا یہ ہیکہ وہ مختصر ٹیم کا انتخاب کرتے ہیں یا پھر دورہ انگلینڈ کی طرح 18 کھلاڑیوں پر مشتمل ایک بڑی ٹیم منتخب کرتے ہیں۔ 5 سلیکٹروں پر مشتمل ٹیم فاسٹ بولروں کے انتخاب میں آسٹریلیا کی تیز رفتار اور اچھال لیتے وکٹوں کے برتاؤ کو مدنظر رکھیں گے جس کے بعد زخمی محمد سمیع اور ورون آرون کا انتخاب بھی اہمیت کا حامل ہوگا جنہیں سری لنکا کے خلاف ونڈے سیریز میں شامل نہیں کیا گیا ہے جبکہ ورون آرون گذشتہ روز کٹک میں سری لنکا کے خلاف منعقدہ پہلے ونڈے کے دوران زخمی ہوئے ہیں۔ میڈیکل عملہ کے فیصلہ کے بعد دونوں فاسٹ بولروں کو ٹیم میں اس لئے بھی شامل کیا جاسکتا ہے کیونکہ ہندوستانی ٹیم دورہ آسٹریلیا کیلئے 21 نومبر کو روانہ ہوگی۔ ایشانت شرما اور بھونیشور کمار کی شمولیت یقینی ہیں جبکہ اسٹورٹ بنی کو بحیثیت بولنگ آل راونڈر شامل کئے جانے کے امکان ہے۔ بنگلور سے تعلق رکھنے والے اسٹورٹ بنی کو سری لنکا کے خلاف وارم اپ مقابلہ میں موقع دیا گیا تھا تاہم وہ متاثرکن مظاہرہ کرنے میں ناکام ہوئے ہیں۔ راجستھان سے تعلق رکھنے والے پنکج سنگھ جنہوں نے انگلینڈ کے دورہ پر قابل اطمینان مظاہرہ کیا تھا لیکن ان کی گیندوں میں رفتار تیز نہ ہونے کی وجہ سے حریف بیٹسمینوں کو کوئی پریشانی نہیں ہوئی تھی اور ہوسکتا ہیکہ پنکج سنگھ کے مقام پر ایشور پانڈے کو موقع دیا جاسکتا ہے جنہیں انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی آزمایا گیا تھا۔ اسپن شعبہ میں سلیکٹروں کا انتخاب توجہ کا مرکز ہوگا کیونکہ روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ اسپن شعبہ کے اہم نام ہیں۔ اسپن شعبہ میں تیسرے کھلاڑی کیلئے کرن شرما، پیوش چاولہ اور شری یاس گوپال کے نام گردش کررہے ہیں۔