دورہ زمبابوے کیلئے دھونی و کوہلی کو آرام کا امکان‘ آج ٹیم کا انتخاب

نئی دہلی 28 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) تھکاوٹ کے عنصر کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہندوستان امکان ہے کہ زمبابوے کے دورہ کیلئے دوسرے درجہ کی ٹیم روانہ کریگا اور سینئر کھلاڑیوں جیسے کپتان مہیندر سنگھ دھونی کو سلیکٹرس کی جانب سے آرام دیا جاسکتا ہے ۔ دورہ زمبابوے کیلئے ہندوستانی سلیکٹرس کا کل اجلاس ہونے والا ہے جس میں ٹیم کا انتخاب کیا جاسکتا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم ابھی ابھی بنگلہ دیش کے مایوس کن دورے سے واپس ہوئی ہے ۔ اس دورہ میں اسے ونڈے سیریز میں 2 – 1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ ہندوستانی ٹیم مسلسل سات ماہ سے کرکٹ میں مصروف ہے ۔

اس پس منظر میں سلیکٹرس کی جانب سے نوجوان کھلاڑیوں کو ایک موقع دیا جاسکتا ہے ۔ ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ کپتان مہیندر سنگھ دھونی ‘ ٹسٹ کپتان ویراٹ کوہلی اور اسپنر آر اشون کو اس دورہ کیلئے آرام دیا جاسکتا ہے ۔ دھونی کے غیاب میں روہت شرما اور سریش رائنا کے ناموں پر قیادت کیلئے غور کیا جاسکتا ہے ۔ اس مقابلہ میں روہت شرما کو سبقت حاصل ہو سکتی ہے کیونکہ انہوں نے جاریہ سال آئی پی ایل میں اپنی ٹیم ممبئی انڈینس کی کامیاب قیادت کرتے ہوئے اسے خطاب دلانے میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ دوسری جانب سریش رائنا چھوٹے فارمٹ کے مقابلوں میں عارضی کپتان کی ذمہ داری نبھا چکے ہیں۔ کپتان کی ذمہ داریوں سے قطع نظر بلے باز اجنکیا رہانے کو 10 جولائی سے شروع ہونے والے اس دورہ کیلئے ٹیم میں یقینی طور پر شامل کیا جاسکتا ہے ۔ بی سی سی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ اشون اور کوہلی ٹسٹ اور ونڈے سبھی کچھ کھیل رہے ہیں۔ دھونی پر بھی دورہ آسٹریلیا کے بعد سے بہت زیادہ دباؤ بن گیا ہے ۔ انہوں نے ورلڈ کپ میں حصہ لیا اور پھر آئی پی ایل کا تھکا دینے والا سیزن رہا ہے ۔ ان تینوں کو آرام کی ضرورت ہے ۔

سری لنکا میں جو ٹسٹ سیریز ہونے والی ہے اس کیلئے کوہلی اور اشون کا آرام کرلینا ضروری ہے ۔ یہ سیریز ٹیم انڈیا کیلئے سخت ہوسکتی ہے ۔ اگر اشون کو آرام دیا جاتا ہے تو پھر آف اسپنر کیلئے پرویز رسول اور ہربھجن سنگھ کے مابین مقابلہ ہوگا ۔ لیکن اگر سلیکٹرس جونئیر ٹیم بھیجنا چاہیں تو پھر پرویز رسول کو موقع مل سکتا ہے ۔ رابن اتھپا کی بھی ٹیم میں واپسی کا امکان مسترد نہیں کیا جاسکتا ۔ جن کھلاڑیوں کی شمولیت کے زیادہ امکانات ہیں ان میں اسٹیورٹ بنی ‘ امباٹی رائیڈو اور موہت شرما شامل ہیں ۔ فاسٹ بولر اومیش یادو کو بھی آرام دیا جاسکتا ہے جبکہ وہ گذشتہ چھ ماہ سے مسلسل کھیل رہے ہیں ۔ یہ سیریز بھی ویسے ابتداء میں مشکوک ہوگئی تھی کیونکہ ملک کے کرکٹ بورڈ اور میزبان براڈکاسٹر ٹین اسپورٹس کے مابین کچھ تنازعہ ہے ۔ زمبابوے کرکٹ نے ایک اعلامیہ میں کہا کہ اسے امید ہے کہ یہ مسائل حل ہوجائیں گے اور ہندوستانی ٹیم کا دورہ زمبابوے برقرار رہے گا ۔ حالیہ وقتوں میں ہیملٹن مساکاڈزا کی قیادت والی زمبابوے ٹیم نے کچھ اچھی کرکٹ کھیلی ہے ۔ انہوں نے میزبان پاکستان کو اپنے تین ونڈے اور دو ٹی 20 میچس کے دوران سخت محنت پر مجبور کردیا تھا ۔ اس سیریز میں حالانکہ زمبابوے کو شکست ہوئی تھی لیکن ٹیم نے اچھا مظاہرہ کیا تھا ۔ زمبابوے کے دوروں پر ایک موقع پر سریش رائنا نے ہندوستانی ٹیم کی قیادت کی تھی جبکہ ایک موقع پر ویراٹ کوہلی بھی ٹیم انڈیا کی قیادت کی ذمہ داری نبھا چکے ہیں۔