دورہ آسٹریلیا کیلئے 4نومبر کو ہندوستانی ٹیم کا انتخاب

ممبئی ۔30اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم آئندہ ماہ دورہ آسٹریلیا پر روانہ ہوگی جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف چار مقابلوں کی ٹسٹ سیریز میں شرکت کرے گی ۔ ورلڈ کپ سے قبل اہم ترین دورہ اسٹریلیا کے لئے ہندوستانی ٹیم کا انتخاب 4نومبر کو کیا جائے گا۔ بی سی سی آئی ذرائع کے بموجب سلکشن کمیٹی کا 4نومبر کو یہاں کرکٹ سنٹر پر دوپہر 1.30بجے ایک اجلاس منعقد ہورہا ہے جہاں ہندوستانی ٹیم کا دورہ آسٹریلیا کیلئے انتخاب ہوگا ۔ دریں اثناء ہندوستانی ٹیم 21نومبر کو آسٹریلیا کیلئے روانہ ہوگی جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف چار مقابلے برسبین ‘ ایڈیلیڈ ‘ ملبورن اور سڈنی میں کھیلے گی ۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈر ۔گواسکر سیریز کا آغاز 4ڈسمبر کو پہلے ٹسٹ سے ہورہا ہے جب کہ 7جنوری کو دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا اور آخری مقابلہ کھیلا جائے گا ۔ ورلڈ کپ کے تناظر میں دورہ آسٹریلیا کو کافی اہمیت دی جارہی ہے ۔