دورہ آسٹریلیا کیلئے 21 رکنی ہندوستانی ٹیم کا اعلان

نئی دہلی ۔ 24 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے خلاف 4 تا 9 نومبر پرتھ میں منعقد شدنی 4 مقابلوں کی ٹسٹ سیریز کیلئے 21 رکنی ہندوستانی ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے جس کی قیادت سردار سنگھ کررہے ہیں۔ جنوبی کوریا میں منعقدہ 17 ویں ایشین گیمس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد ہندوستان کا یہ دورہ آسٹریلیا اس لئے منعقد کیا جارہا ہے کیونکہ 6 تا 14 ڈسمبر بھونیشور میں منعقد شدنی ایف آئی ایچ چمپیئنس ٹرافی 2014ء کی تیاری کی جاسکے۔ دورہ آسٹریلیا کیلئے ہندوستانی ٹیم 29 اکٹوبر کو پرتھ روانہ ہوگی۔ 4 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کے خلاف مظاہرہ کرنے کے علاوہ ہندوستانی ٹیم پرتھ ہاکی اسٹیڈیم میں یکم؍ نومبر کو آسٹریلیا اے کے خلاف ٹریننگ مقابلہ بھی کھیلے گی۔ 21 رکنی معلنہ ٹیم میں گول کیپر پی آر سری جیش کو سردار سنگھ کا نائب مقرر کیا گیا ہے

جبکہ ہرجوت سنگھ کو بھی ٹیم میں موقع دیا گیا ہے۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹسٹ مقابلہ 4 نومبر کو کھیلا جائے گا جس کے بعد ماباقی 3 مقابلے 5 ، 8 اور 9 نومبر کو منعقد ہوں گے۔ ہاکی انڈیا کے صدر نریندر بترا نے اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف مقابلہ کرنا ہمیشہ ہی ایک سنسنی خیز مقابلہ ہوتا ہے اور مجھے پوری امید ہیکہ دونوں ٹیمیں اپنی صدفیصد کارکردگی کے ذریعہ مقابلوں کو مسابقتی بنائیں گے۔ کامن ویلتھ گیم اور ایشین گیمس کی شاندار کامیابی نے ہندوستانی کھلاڑیوں کے حوصلے کافی بلند کئے ہیں اور امید ہیکہ آسٹریلیا کے خلاف بہترین مظاہرے دیکھنے کو ملیں گے۔