دورۂ پاکستان کیلئے ویسٹ انڈیز ٹیم کااعلان

انٹیگا ، 6 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ونڈے سیریز کیلئے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا، مشہور اوپنر کرس گیل ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ(ڈبلیو آئی سی بی) کے اعلامیہ کے مطابق بورڈ کے سلیکشن پیانل نے دونوں طرز کیلئے علحدہ 15 رکنی ٹیموں کا اعلان کیا ہے۔ ٹسٹ کرکٹ کے اوپنر کریگ براتھویٹ کو ونڈے ٹیم میں جگہ دی گئی جبکہ اینڈرے فلیچر اور جیروم ٹیلر کو باہر کردیا گیا ہے۔ کرس گیل کی عدم دستیابی کے باعث بورڈ کی معلنہ ٹیم میں اُن کا نام شامل نہیں جبکہ لینڈل سیمنز فٹنس مسائل کے باعث ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔ تاہم جیروم ٹیلر ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کارلوس براتھویٹ جبکہ ونڈے ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر ہوں گے۔ ویسٹ انڈیز یو اے ای میں پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی اورتین ونڈے میچز کھیلے گی جس کا آغاز 23 ستمبر کو ہوگا جبکہ آخری ونڈے 5 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ اس ٹور پر ویسٹ انڈین ٹیم تین ٹسٹ میچ بھی کھیلے گی جس میں ایک ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ ہوگا۔ یہ سیریز کا آغاز 13 اکتوبر کو ہوگا اور 3 نومبر کو اختتام پذیر ہوگی۔ ٹسٹ سیریز کیلئے ویسٹ انڈیز ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔