ہرارے۔14 مئی۔(سیاست ڈاٹ کام)دورۂ پاکستان کیلئے زمبابوے کے سلیکٹرز نے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا جبکہ محدود اوورز کی سیریز کیلئے 4 سال بعد چارلس کووینٹری کو بھی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ زمبابوین کرکٹ ٹیم 22 مئی سے دورہ پاکستان کر رہی ہے جس کے دوران 3 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی جبکہ ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی کیلئے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ زمبابوے کی جانب سے ایلٹن چکمبورا ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ 4 سال تک ونڈے ٹیم کا حصہ نہ بننے والے کووینٹری کو ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے 16 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔ زمبابوے ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں سکندر رضا بٹ، ہیملٹن مساکڈزا، برائن ویٹوری، شان ولیمسن، چامونروا چیباہا، گرائم کریمر، کریگ اروائن، رائے کائی، کرسٹوفر فویو، تاوندا موپاریوا، رچمنڈ موتمبامی، تیناش پنیاگارا، وسومزی سبندا اور پراسپر اُتسیا شامل ہیں۔