لاہور۔25 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ونڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے لئے سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ زخمی جنید خان کی جگہ عامر یامین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ آل راؤنڈر عماد وسیم کی جگہ محمد نواز کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔عماد وسیم کو گھٹنے کی تکلیف کی وجہ سے خارج کردیا، وہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں تاہم انہیں مکمل فٹ ہوتے ہی ٹیم میں شامل کرلیا جائے گا۔چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود بھی فٹنس ٹسٹ میں ناکام ہوگئے ہیں۔ سال 2017 پاکستان میں کرکٹ کے لیے اچھا سال ثابت ہوا ۔دورہ نیوزی لینڈ کے لئے محمد حفیظ کو بطور بیٹسمین ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔پاکستان ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، اظہر علی، فخر زمان، انعام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، محمد عامر، حسن علی، عامر یامین اور رومان رئیس شامل ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ونڈے سیریز کا پہلا مقابلہ ویلنگٹن میں 6 جنوری کو ہوگا، دوسرا میچ 9 جنوری کو نیلسن، تیسرامیچ 13 جنوری کو ڈونیڈن، چوتھا میچ 16 جنوری کو ہملٹن جبکہ پانچواں اور آخری میچ 19 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔