کیپ ٹاؤن ۔5 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے دورۂ جنوبی افریقہ کاانتہائی شاندار آغاز کیا جیسا کہ پہلے ٹسٹ کے ابتدائی گھنٹے میں میڈیم فاسٹ بولر بھونیشور کمار نے میزبان ٹیم کی ابتدائی 3 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے اسکور کو 12/3 تک پہنچادیا اور افریقی ٹیم کو بحرانی صورتحال سے دوچار کردیا تھا ۔ بعد ازاں ایک سال بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے دنیا کے خطرناک بیٹسمین اے بی ڈی ویلرس نے ہندوستانی بولروں پر جوابی وار کرتے ہوئے تیسری وکٹ کیلئے کپتان فاف ڈیوپلسی کے ہمراہ 114ر نز کی پارٹنرشپ نبھائی ۔ اسی دوران ڈی ویلرس نے 84 گیندوں میں 11 چوکوں کے ہمراہ 65 اور ڈیوپلسی نے 12 چوکوں کی مدد سے 62 رنز اسکور کئے ۔ ڈی ویلئرس کو جسپریت بمراہ اور ڈیوپلسی کو ہاردک پانڈے نے آوٹ کرتے ہوئے 142/5 کا اسکور کردیا ۔ بعد ازاں وکٹ کیپر بیٹسمین کوئین ڈی کاک (23) ، ورنان فلینڈر (23) نے اپنا کچھ تعاون دیا ۔ تادم تحریر چائے کے وقفہ تک میزبان ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 230 رنز اسکور کئے ہیں۔ ہندوستان کے لئے بھونیشور 4، محمد سمیع ، بمراہ اور پانڈے نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ یاد رہے جنوبی افریقی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا لیکن بھونیشور کمار کی طوفانی بولنگ نے میزبان ٹیم کے ہمالیائی اسکور کی اُمیدوں پر پانی پھیردیا ۔ جس وقت میزبان ٹیم کے بھروسہ مند بیٹسمین ہاشم آملہ آوٹ ہوئے اُس وقت ٹیم شدید دباؤ میں تھی ۔ آملہ نے 10 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے صرف 3 رنز اسکور کئے ۔