دورۂ انگلینڈ کیلئے سری لنکائی ٹسٹ ٹیم کا اعلان

کولمبو۔28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکائی کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ انگلینڈ کا دورہ کرے گی جس کیلئے کرکٹ سری لنکا کے سلیکٹرز نے 17  رکنی مضبوط ٹسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ منتخب کھلاڑیوں میں جہاں داسون شناکا اور دھننجایا ڈی سلوا پر بھروسہ کیا گیا ہے وہاں لہیرو تھریمانے بھی قابل اعتماد قرار پائے۔واضح رہے کہ ایشائی ٹیم دورے میں میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹسٹ، پانچ ونڈے اور واحد  ٹوئنٹی20 پر مشتمل سیریز کھیلے گی جس کا آغاز 8 مئی کو ایسیکس کیخلاف تین روزہ میچ سے ہوگا۔ اینجلو میتھیوز کی زیرقیادت ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں داسون شناکا اور دھننجایا ڈی سلوا کے علاوہ دھمیکا پرساد،دلروون پریرا، دیموتھ کرونا رتنے ،دنیش چندیمل، دشمنتھا چمیرا،کوشل سلوا، کوسال مینڈس، لہیرو تھریمانے ، ملندا سری وردنے ، نروشن ڈکویلا،نووان پردیپ، رنگنا ہیراتھ،شمندا ایرانگا اور سرنگا لکمل بھی شامل ہیں۔ سری لنکائی سلیکٹرز کے مطابق اسکواڈ میں وکٹ کیپر بیٹسمین کوسال مینڈس اور نروشن ڈکویلا کو بھی موقع دیا گیا ہے جبکہ گزشتہ دنوں فیلڈنگ کے دوران سر کی چوٹ سے دوچار ہونے والے کوشل سلوا کو بھی منتخب کیا گیا ہے۔ چوبیس سالہ داسون شناکا کی اسکواڈ میں شمولیت اس اعتبار سے حیران کن ہے کہ انہوں نے ایس ایس سی پریمیئر لیگ کے بیشتر میچوں میں شرکت نہیں کی تھی لیکن ان کی پانچ مکمل اننگز میں ایک سنچری اور آٹھ وکٹیں ان کے انتخاب کا سبب بن گئیں۔