دورحاضر میں پیشہ ورانہ تربیت کارآمد

جگتیال ۔ 13جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی جگتیال مسٹر ایل رمنا آج سہ پہر مسلم کمیونٹی ہال میں مسلم خواتین کیلئے آندھراپردیش میناریٹی کارپوریشن کے تحت ملت اسلامیہ جگتیال کی زیرنگرانی دو ماہ کا ہینڈ ایمبرائیڈری و زردوزی ورکس کا مفت تربیتی سنٹر کا افتتاح انجام دینے کے بعد منعقدہ جلسہ کو بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ کی صدارت صدر ملت اسلامیہ جگتیال محمد ریاض خان اور اعزازی مہمانوں میں نائب صدور بسم اللہ خان ‘شوکت خان ‘ جنرل سکریٹری راشد احمد کے علاوہ ساجد پٹواری سابق کونسلر ‘ شعیب الحق طالب نے شرکت کی ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ دیکھنے میں کام چھوٹا نظر آتا ہے لیکن اس کی زندگی میں بڑے بڑے فوائد ہیں ۔ اگر خاندان میں سبھی کوئی نہ کوئی کام کریں گے تو وہ خاندان کی زندگی بہت ہی خوشحال ہوگی ۔

آج بیوٹی پارلر کے ذریعہ شادی بیاہ میں دلہن کی تیاری میں لاکھوں روپئے خواتین گھر بیٹھے کمارہی ہیں اور بال کٹوائی کیلئے ہزار روپئے تک لئے جارہے یں ‘ جب کہ اس پیشہ سے وابستہ حجام سیلون میں 50تا 200 روپئے تک محدود ہے ۔ صرف نام تبدیل ہوگیا اور آمدنی میں اضافہ اسی طرح آج کپڑے دھونے کیلئے دھوبی طبقہ کو اتنی آمدنی نہیں ہے جتنی ڈرائی کلین سنٹر وغیرہ مشینری کے ذریعہ زبردست آمدنی کا ذریعہ ہے ۔ لہذا دور حاضر میں فنی تربیت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی زندگی اور دوسروں کی زندگی کو بنانے میں ایک مثال بن سکتے ہیں اور سماج میں ایک اونچا مقام حاصل کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے دیگر قائدین کی جانب سے میناریٹی کارپوریشن کی جانب سے مسلمانوں کو قرض کی فراہمی میں بینک کی جانب نظرانداز کئے جانے کی شکایت پر انہوں نے بلدیہ ملازمین کے ساتھ مسلم مسائل پرکونسل ہال میں چہارشنبہ 15جنوری بوقت 2بجے جائزہ اجلاس منعقدکرنے کا تیقن دیا ۔

وہاں پر اپنے مسائل پیش کرنے صدر ملت اسلامیہ اور ذمہ داران سے خواہش کی اور انہوں نے کہا کہ سابق میںتربیت حاصل کرنے والے خواتین اس تربیتی کورسیس سے کہاں تک مستفید ہورہی ہیں اور کونسی تربیتوں کی ضرورت ہے بتانے کی خواہش کی ۔ اس موقع پر صدر ملت اسلامیہ ریاض خان اور شعیب الحق طالب راشد احمد ‘ ساجد پٹواری ‘ محمد عبدالمجاہد عادل صدر ابوالکلام یوتھ ‘ محمد عبدالحمیدعابد نے مخاطب کیا۔ اس موقع پر محمد عبدالرحیم ‘تفصل حسین ‘ مشتاق احمد ‘ اصغر حسین اور دیگر کے علاوہ خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔