دوران ڈیوٹی کانسٹبل کی خودکشی

حیدرآباد۔/29مئی، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ فلک نما میں ایک کانسٹبل نے دوران ڈیوٹی پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کانسٹبل 29سالہ کرن کمار نے آج خودکشی کا سامان بھی خرید لیا تھا اور چھتری ناکہ آؤٹ پوسٹ فلک نما میں اس نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ اس واقعہ کے بعد ساؤتھ کے پولیس محکمہ میں سنسنی پھیل گئی۔ تاہم رشتہ داروں اور دیگر کا الزام ہے کہ کرن کمار نے اعلیٰ عہدیداروں کی مبینہ ہراسانی پر یہ اقدام کیا۔ تاہم پولیس نے اس بات سے صاف طور پر انکار کردیا ہے اور بتایا ہے کہ وہ بیمار تھا اور ذہنی تناؤ کا شکار تھا۔ کرن کمار نے سال 2007ء میں محکمہ پولیس میں ملازمت اختیار کی تھی۔ کانسٹبل کے والد کا بھی پولیس ڈپارٹمنٹ سے تعلق ہے۔ کرن کمار کے والد ہیڈ کانسٹبل ہیں جو اے پی ایس پی بٹالین یوسف گوڑہ کے کوارٹرس میں رہتے ہیں۔ ڈیٹکٹیو انسپکٹر مسٹر آر دیویندر نے بتایا کہ کرن کمار ایک بہترین کانسٹبل تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کو جامہ تلاشی کے بعد اس کے قبضہ سے چٹھیاں دستیاب ہوئیں۔ کرن کمار گردے کے مرض میں مبتلاء تھا اور اس کی شادی نہیں ہوئی تھی۔ وہ اپنے والد کا اکلوتا بیٹا تھا جبکہ اس کی دو بہنیں بھی ہیں۔ مسٹر آر دیویندر نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں پر لگائے جارہے الزامات کو مسترد کردیا اور کہاکہ پولیس محکمہ میں ہراسانی کا کوئی معاملہ نہیں ہے۔ چھتری ناکہ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔