کیلیفورنیا ، 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سیلفی لینے (ازخود تصویر کشی) کا شوق تیزی سے مقبول ہو رہا ہے جس کیلئے ہر شخص موبائل ہاتھ میں تھامے ہر جگہ سیلفی لینے میں مگن ہو جاتا ہے لیکن کبھی کبھی سیلفی بھاری پڑ جاتی ہیں اور ایسا ہی کچھ ہوا برطانوی نژاد پاکستانی باکسر عامر خان کے ساتھ جنہیں دوران ڈرائیونگ سیلفی لینے پر مقدمے کا سامنا ہوگیا۔ باکسر عامر ان دنوں باکسنگ مقابلے کے سلسلے میں امریکہ میں موجود ہیں جہاں وہ سیر سپاٹے میں بھی مصروف ہیں اور اس سیر و تفریح کے دوران عامر نے کیلیفورنیا میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے سیلفی فوٹو لی اور اسے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پوسٹ کر دیا جبکہ اس دوران وہ سڑک پر نصب سکیورٹی کیمروں کی زد میں آنے سے نہ بچ سکے اور ان کیمروں نے عامر خان کی اس قانون شکنی کو محفوظ کر لیا جس کے بعد اُن پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ عامر خان کے ترجمان نے اس واقعے پر کسی قسم کے تبصرے سے انکار کر دیا ہے۔ کیلیفورنیا قانون کے مطابق ڈرائیونگ کے دوران فون کا استعمال ایک سنگین جرم ہے جس پر بھاری جرمانہ، لائسنس پر پوائنٹس اور یہاں تک کہ ڈرائیونگ پر پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔ عامر اس سے قبل بھی ڈرائیونگ کے دوران تصاویر اور سیلفی پوسٹ کرتے رہے ہیں جو اکثر وبیشتر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر نمودار ہوتی ہیں۔ آٹھ سال قبل عامر کی کار سے ایک شخص ٹکرا کر ہلاک ہوا تھا۔