محبوب نگر /28 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جناب محمد عبدالرحمن پبلسیٹی ، کمیونٹی حج سوسائٹی کی اطلاع کے بموجب حج سوسائٹی محبوب نگر کے زیر اہتمام ضلع کے منتخب عازمین حج کا 7 واں تربیتی اجتماع جے جے آر گارڈن محبوب نگر میں منعقد ہوا ۔ اجتماع کی صدارت صدر حج سوسائٹی محمد اکبر الماس نے کی ۔ اس موقع پر جناب خلیل الدین احمد سابق چیرمین حج کمیٹی آندھراپردیش نے کہا کہ جب تک سفر حج سے متعلق واضح معلومات حاصل نہیں کی جائیں گی ۔ حج کے ارکان کی ادائیگی میں آسانی نہیں ہوگی ۔ مولانا بدیع الدین نقشبندی نے مخاطب کرتے ہوئے مناسک حج و عمرہ مخصوص مقامات پر مقررہ دنوں میں اعمال سے متعلق روشنی ڈالی اور دعاؤں کے متعلق تفہیم کروائی ۔ اقسام حج ، فرائض و واجبات ، عمرہ طواف کعبہ ، رمل ، سعی وغیرہ کی تشفی بخش تشریف کروائی روانگی سفر حج سے قبل حقوق العباد کی ادائیگی کی اہمیت سے واقف کروایا ۔ ارکان حج کی ادائیگی میں صبر و تحمل سے کام لینے کی تلقین کی ۔ مولانا مفتی ذاکر خلیل قاسمی نے بھی شرکت کی ۔ نماز ظہر 1.30 بجے ادا کی گئی اور ظہرانہ کے بعد الحاج نذیر الدین نے مکہ مکرمہ کا ماڈل پیش کیا ۔ احرام اور طواف کے طریقے بتلائے ۔ بعد ازاں مولانا نے روضہ اطہر پر حاضری ، 40 نمازوں کی ادائیگی آداب مسجد نبوی اور مدینہ منورہ کے مقامات مقدسہ کو سہل انداز میں ذہن نشین کروایا ۔