دودھ کی قیمت میں اضافہ کا کوئی منصوبہ نہیں : جئے چندرا

بنگلورو۔ 6؍جون:(سیاست ڈاٹ کام )ریاستی حکومت کے سامنے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ یہ بات آج وزیر قانون و مویشی پالن ٹی بی جئے چندرا نے بتائی۔ انہوں نے بتایاکہ کرناٹکا ملک فیڈریشن کی طرف سے دودھ کی قیمت میں فی لیٹر چار روپیوں کی اضافہ کی تجویز حکومت کو ضرور آئی ہے، لیکن اب تک اس سلسلے میں حکومت نے کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔ اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آنگن واڑی اور اسکولوں کے بچوں کو ہفتے میں پانچ دن کشیرا بھاگیہ اسکیم کے تحت دودھ کی فراہمی کا منصوبہ کرناٹکا ملک فیڈریشن کے سامنے رکھا گیا ہے،فی الوقت اس اسکیم کے تحت ہفتے میں تین دن تمام بچوں کو150 ملی لیٹر دودھ مہیا کرایا جارہاہے۔ ہفتے میں پانچ دن دودھ فراہم کرنے کیلئے عوام کے مختلف حلقوں سے مانگوں کو دیکھتے ہوئے حکومت نے اسے منظوری دے دی ہے۔ وزیر موصوف نے بتایاکہ ریاست میں دودھ کی پیداوار میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ 69 لاکھ لیٹر دودھ روزانہ ریاست میں استعمال ہوتا ہے، اس میں سے صرف 35لاکھ لیٹر دودھ صارفین تک پہنچایا جاسکتاہے، باقی 30لاکھ لیٹر دودھ کو پاؤڈر میں تبدیل کرنے پر بھاری فنڈ صرف کیا جارہا ہے۔ اسی لئے حکومت نے کشیرا بھاگیہ اسکیم کے تحت دودھ کی تقسیم کے ایام میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔