دوحہ ایرپورٹ پر 35 ریال زائد ٹیکس متعارف

دوحہ ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) قطر انٹرنیشنل ایرپورٹ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ مسافرین سے اب ایرپورٹ ایگزٹ ٹیکس بھی وصول کیا جائے گا۔ قطر کی معیشت چونکہ توانائی کی پیداوار پر انحصار کرتی ہے اور فی الحال گرتی ہوئی تیل کی قیمتوں نے اس کی معیشت کو بھی شدید طور پر متاثر کیا ہے جس کی بھرپائی کیلئے اب مسافرین پر زائد بوجھ عائد کیا جائے گا جس کے تحت جاریہ ہفتہ سے ہی 35 ریال (10 امریکی ڈالرس) کا ٹیکس متعارف کروایا جارہا ہے۔ حمد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے جاری ایک بیان میں یہ وضاحت کی گئی۔ زائد ٹیکس کی رقم کو ٹکٹ کی قیمت کے ساتھ جوڑلیا جائے گا اور اس کا اطلاق ایسی ٹکٹوں پر ہوگا جو 30 اگست یا اس کے بعد بک کروائے گئے ہوں اور ایسے سفر جن کا آغاز یکم ؍ ڈسمبر یا اس کے بعد ہوتا ہو۔ مجوزہ زائد ٹیکس دراصل بین الاقوامی سطح پر سیول ایوی ایشن آرگنائزیشنس کے وضع کردہ اصول و ضوابط کے مطابق عائد کیا جارہا ہے تاکہ دنیا کے چند اہم ایرپورٹس کے فروغ کیلئے فنڈس کی کوئی کمی نہ ہو جن میں حمد انٹرنیشنل ایرپورٹ بھی شامل ہے۔ جاریہ سال کے پہلے سہ ماہی کے دوران تقریباً نو ملین مسافرین نے دوحہ ایرپورٹ کا استعمال کیا۔