لندن ، 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں مشہور انڈین کرکٹ لیگ(آئی سی ایل) کا ایک بار پھر سبھاش چندرا کی زیر قیادت ایسل گروپ کے ذریعے احیاء کرنے کی تیاریاں مبینہ طور پر مکمل ہوچکی ہیں۔ پرائیویٹ کرکٹ لیگ کو 2007 ء میں شروع کیا گیا تھا اور اس نے عوام میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی تھی۔ تاہم انڈین کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی)نے اسے ماننے سے انکار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو خبردار کیا تھا کہ اگر کوئی کھلاڑی لیگ کا حصہ بنا تو اس کا عالمی کرکٹ میں مستقبل خطرات سے دوچار ہو سکتا ہے۔ بی سی سی آئی نے اس لیگ کو ناکام بنانے اور کھلاڑیوں کو اس سے دور رکھنے کیلئے ڈومیسٹک سطح پر کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں 200 گنا تک اضافہ کرنے کے ساتھ اپنی انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) بھی شروع کردی۔ آئی سی ایل 2009ء تک چلی پھر کچھ وجوہات کی بنا پر اسے روک دیا گیا جس کی ایک بڑی وجہ یہ رہی کہ آئی سی سی نے بھی اس لیگ کو اس وقت تک ماننے سے نکار کردیا تھا جب تک انڈین بورڈ اسے تسلیم نہ کرے۔