دوبئی۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ نیوز) ایرانڈیا نے یہاں کے ایک لگژری ہوٹل کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت یہاں 6 ماہ طویل فوڈ فیسٹیول منعقد کیا جائے گا جہاں روایتی ہندوستانی پکوان پیش کئے جائیں گے۔ ایرانڈیا کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق فوڈ فیسٹیول ’’مہاراجہ ویک اینڈس‘‘ کا آغاز یکم مئی سے شیرٹن ڈیرا میں کیا جائے گا اور جمعہ کے روز ڈئربوفے اور ہفتہ کو برنچ بوفے پیش کئے جائیں گے۔ خصوصی طور پر تندوری پکوان، مختلف کریز، سیخ کباب اور چاٹ وغیرہ بھی دستیاب رہیں گے۔ فوڈ فیسٹیول کی خصوصیت یہ ہوگی کہ ایک ماہانہ ریفل قرعہ اندازی کی جائے گی جس کے جیتنے والے کو ایرانڈیا کے دو ریٹرن ٹکٹس دیئے جائیں گے جس کے تحت جیتنے والا ایرانڈیا کی پرواز کے دائرہ کار میں آنے والے کسی بھی ملک کی سیر کرسکتا ہے۔ علاوہ ازیں دیگر نوعیت کی ماہانہ قرعہ اندازی بھی کی جائے گی۔