دوبئی میں ہندوستانی خادمہ نے شیر خوار لڑکی کا قتل کردیا

دوبئی ۔ 3 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )دوبئی میں کام کرنے والی ایک گھریلو ملازمہ پر یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ اُس نے ایک گیارہ مہینے کی بچی کاگلا گھونٹ کر قتل کردیا ۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ ملازمہ کو جب اُس کے مالکین نے رخصت پر جانے کی اجازت نہیں دی تو اُس نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے مالکین کی گیارہ ماہ کی بچی کا اپنے اسکارف سے مبینہ طورپر گلا گھونٹ دیا۔ 29 سالہ ملازمہ نے پہلے تو الزامات سے انکار کیا لیکن بعد ازاں اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ملازمہ کی والدہ کا ایک ماہ قبل ہندوستان میں انتقال ہوگیا تھا اور جب سے وہ ہندوستان جانے کے لئے بے چین تھی لیکن مالکین اُسے اجازت نہیں دے رہے تھے ۔

استغاثہ کے ریکارڈ کے مطابق ملازمہ نے جرم کا ارتکاب 18 جنوری کو کیا ۔ جب اُس نے دیکھا کے مالکین گھر سے چلے گئے ہیں تو اُس نے اپنے اسکارف سے گھر میں موجودہ گیارہ ماہ کی بچی کا گلا گھونٹ دیا اور بعد ازاں اپنے روزانہ کے کام کاج میں مشغول ہوگئی ۔ دو گھنٹے کے بعد ملازمہ نے خود بچی کی والدہ کو فون کیا اور بتایا کہ بچی کو آوازیں دینے کے بعد بھی وہ نہیں اُٹھ رہی ہے ۔ گھر پہنچنے پر انھیں پتہ چلا کہ بچی مرچکی ہے ۔ ہندوستانی مالکین نے پولیس کو بتایا کہ ملازمہ کو انھوں نے اپنے ہی خاندان کا ایک فرد سمجھا اور اُسے تنخواہ کے علاوہ ہمیشہ تحفے تحائف بھی دیا کرتے تھے ۔ متوفیہ کے والد نے بتایا کہ وہ ملازمہ کو اپنی بہن سمجھتا تھا اور ہمیشہ وہ اور اس کی بیوی ملازمہ کے ساتھ ایک ہی میز پر کھانا کھاتے تھے ۔آجر کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے اُس کے ساتھ روا رکھے نرم سلوک کا ناجائز فائدہ اُٹھایا اور اپنی والدہ کے انتقال کا انتقام اُن کی بچی کو قتل کرکے لیا۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت کیلئے22 مئی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے ۔