دوبئی میں شاورما کی فروخت پربتدریج امتناع

دوبئی۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دوبئی میں آج کل وہاں کی مشہور آؤٹ ڈور غذا شاورما پر حکومت کا قہر نازل ہوا ہے۔ ایک سرکاری اخبار کی رپورٹ کے مطابق دوبئی میں شاورما کے جتنے بھی اسٹالس ہیں، ان میں سے نصف کو یا تو مکمل طور پر بند کردیا جائے گا یا پھر وہاں شاورما کی فروخت نہیں ہوگی جو مشرق وسطیٰ کا ایک مشہور اسٹریٹ فوڈ تصور کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر ابوظہبی کے ایک اخبار نے دوبئی کے فوڈ انسپیکشن کے سربراہ سلطان الطاہر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں شاورما فروخت کرنے کے 570 اسٹالس ہیں اور انہیں حفظان صحت کے وضع کردہ نئے قوانین سے مطابقت رکھنے کے لئے کچھ ماہ کی مہلت دی گئی تھی جن میں سے 113 اسٹالس نے گوشت سے تیار کی جانے والی اس غذا کو فروخت کرنا بند کردیا جبکہ 141 اسٹالس نے اس معاملے میں کوئی پیشرفت نہیں کی جنہیں بند کردیا گیا جبکہ مابقی حفظان صحت کے نئے قوانین سے ہم آہنگ ہوگئے اور کچھ ہنوز ہم آہنگ ہورہے ہیں۔ شاورما چکن اور بیف سے تیار کی جانے والی ایک ایسی غذا ہے جو لوہے کے ایک گول گھومنے والی سلاخ پر گوشت ، مٹن کے لپٹے ہوئے چپٹے ٹکڑوں کو چھیل کر تیار کی جاتی ہے۔ الطاہر کے مطابق دوبئی کی شدید گرمی کی وجہ سے آؤٹ ڈور غذا شاورما کی تیاری سے بیکٹیریا پھیلنے کا خطرہ ہے۔