دوبئی۔ /10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی ایشیاء بشمول ہندوستان کے کئی تارکین وطن ورکرس نے آج دوبئی کے ڈاؤن ٹاؤن علاقے میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ جس کی وجہ سے ٹریفک آمد و رفت عارضی طور پر مسدود رہی ۔ وہ اجرتوں میں اضافہ کا مطالبہ کررہے تھے۔ یہ ورکرس سبز تعمیراتی ڈریس پہنے ہوئے تھے اور انہیں پولیس کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔ دوبئی میں عام طور پر اس طرح کے احتجاجی مظاہرے نہیں کئے جاتے ۔ یہ ورکرس دوبئی میں واقع اعمار پراپرٹیز کی جانب سے تعمیر کئے جارہے فلک بوس اپارٹمنٹس فاؤنٹین ویوز ڈیولپمنٹ کے کام کیلئے اجرتوں میں اضافہ کا مطالبہ کررہے تھے ۔ دوبئی پولیس نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ورکرس سے بات چیت کے بعد اندرون ایک گھنٹہ اس معاملے کی یکسوئی کرلی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ احتیاطی طور پر تشدد سے نمٹنے والی پولیس کو بھی طلب کرلیا گیا تھا ۔ اس واقعہ میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ۔ آج کے اس احتجاج سے اس علاقے کے مقامی شہریوں اور غریب ورکرس میں پائے جانے والے فرق کا اظہار ہوتا ہے ۔ تعمیراتی شعبہ سے وابستہ ورکرس میں اکثریت کا تعلق پاکستان ، نیپال ، بنگلہ دیش اور ہندوستان سے ہے ۔