دوبئی ۔ /23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انسان کی زندگی میں انعام جیتنے کا موقع ایک بار آتا ہے لیکن ہندوستانی خاتون 29 سالہ شبرینہ راشد اس لحاظ سے خوش قسمت رہی ہیں کہ انہیں دو بی ایم ڈبلیو کاریں اور ایک لاکھ درہم کی انعامی رقم حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے دوبئی شاپنگ فیسٹول کے انفینیٹی میگا رافل ڈرا میں یہ انعام حاصل کیا ۔ دو سال قبل ان کی ایک لڑکی نے ایک بی ایم ڈبلیو کار قرعہ اندازی میں جیتی تھی ۔ اس طرح یہ غریب خاندان جملہ تین انتہائی قیمتی کاروں کا مالک ہے ۔ شبرینہ راشد کے شوہر راشد پشاری نے پٹرول پمپ سے یہ کوپن حاصل کیا تھا وہ دوبئی میں ایک دوکان چلاتے ہیں جہاں کاروں کے فاضل پرزے فروخت کئے جاتے ہیں ۔