دوبئی آتشزدگی، ہندوستانی جوڑا ہلاک

دوبئی 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک نوجوان ہندوستانی جوڑا زندہ جل گیا جب کہ اُن کے فلیٹ میں آگ بھڑک اُٹھی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ یہ ایک مجرمانہ کارروائی ہے۔ کل دوپہر ٹیلی فون کال وصول ہوئی تھی کہ اِس فلیٹ میں آگ بھڑک رہی ہے۔ یہ فلیٹ الحمریہ کے علاقہ میں ایک رہائشی عمارت میں واقع ہے۔ آتش فرو عملہ نے ناقابل شناخت حالت میں جوڑے کی نعشیں برآمد کرلیں۔ہندوستانی جوڑا جھلس کر خاکستر ہوگیا تھا جس کی وجہ سے ان کی نعشیں ناقابل شناخت تھی۔ دبئی کے ایک مکان میں آگ بھڑک اٹھنے کا یہ واقعہ پیش آیا۔ اندیشہ ہیکہ یہ قتل کا واقعہ ہے۔ ایک عربی روزنامہ امارات الیوم نے پولیس کے بیان کے حوالہ سے خبر دی ہیکہ اسے ایک حادثہ یا خودکشی سمجھا گیا تھا لیکن اب یہ ثابت ہوچکا ہیکہ یہ ایک جرم تھا۔ صیانتی ذرائع کے بموجب خودکشی کے امکانات پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ نعشیں ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔