دواخانہ میں شریک پاریکر سے بی جے پی قائدین کی ملاقات

پاناجی 12 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) علیل چیف منسٹر گوا منوہر پاریکر توقع ہے کہ دسہرے کے بعد اپنے کئی قلمدانوں سے دستبردار ہوجائیں گے، یہ بات اُن وزراء نے کہی ہے جنھوں نے جمعہ کو نئی دہلی کے اسپتال میں اُن سے ملاقات کی اور اُن کی آبائی ریاست میں حکمرانی کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ برسر اقتدار بی جے پی اور حلیفوں کے قائدین علیحدہ علیحدہ پاریکر سے ملے۔ اِن قائدین نے ساحلی ریاست میں قیادت میں کوئی بھی تبدیلی کو خارج ازامکان بتایا ہے۔

بی جے پی مذہب پر مبنی سیاست کر رہی ہے :ایس پی
الہ آباد،12 اکتوبر(یو این آئی) سماج وادی پارٹی(ایس پی) نے بی جے پی پر اقتدار حاصل کرنے کے لیے مذہب اور ذات پر مبنی سیاست کرنے کا الزام لگایا ہے ۔ترقی کا جھوٹا وعدہ کر کے اقتدار حاصل کرنے والی بی جے پی مذہب اورذات کے نام پر سیاست کر رہی ہے ۔ اقتدار کے نشے میں بی جے پی نے بے روزگار،غریب، کسان، دلت اور استحصال زدہ لوگوں کو دھوکہ دینے کا کام کیاہے ۔ اس نے اقتدار کی کرسی تک پہنچنے کے لیے عوام کو صرف سبز باغ دکھائے ہیں۔ایس پی کے ترجمان دان بہادر سنگھ”مدھر” نے جمعہ کو کہاکہ بی جے پی یہ بھول جائے کہ 2014 پھر واپس آئے گا اور وہ اقتدا میں دوبارہ آئیں گے ۔