اصل ملزم وارڈ بوائے اور خاموشی اختیار کرنے والا ہوم گارڈ گرفتار
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں پیش آئے عصمت ریزی کے سنگین واقعہ میں پولیس نے دو افراد بشمول ایک ہوم گارڈ کو گرفتار کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 2 مئی کی رات دیر گئے ہاسپٹل کی پہلی منزل پر یہ واقعہ پیش آیا ۔ تاہم عورت نے 4 مئی کو شکایت درج کروائی ۔ خاتون بنجارہ ہلز پولیس کی ہدایت پر قانونی ضابطہ کے مطابق طبی معائنہ کے لیے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل پہونچی تھی ۔ اور اس دوران اس کی عصمت ریزی کی گئی تھی ۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس سلطان بازار چیتنا ( آئی پی ایس ) نے بتایا کہ افضل گنج پولیس نے اس سلسلہ میں دو افراد 45 سالہ ناگراجو اور 25 سالہ قمر الہٰی کو گرفتار کرلیا ۔ ناگا راجو نے خاتون کے ساتھ زبردستی کرتے ہوئے اس کی عصمت ریزی کی جب کہ واقعہ کی اطلاع ہونے کے باوجود اس بات کو راز میں رکھنے اور اعلیٰ عہدیداروں کو اس سے واقف نہ کروانے کی صورت میں ہوم گارڈ قمر الہیٰ کو بھی ملزم قرار دیا گیا ہے ۔ اے سی پی نے بتایا کہ 2 مئی کو یہ خاتون بنجارہ ہلز پولیس سے رجوع ہوئی اور شوہر کے خلاف شکایت درج کروائی تھی ۔ اس خاتون کا شوہر اسے شدید مار پیٹ کا نشانہ بنارہا ہے ۔ اور ہراساں کرتے ہوئے اذیت پہونچا رہا ہے ۔ اس عورت سے شکایت حاصل کرنے کے بعد بنجارہ ہلز پولیس نے معائنہ کے لیے ہاسپٹل جانے کا مشورہ دیا اور خاتون کو تنہا دیکھ کر خاتون پولیس کانسٹبل کو طلب کیا تاہم آمد میں تاخیر پر طبی جانچ شکایت گذار خاتون اکیلی ہاسپٹل پہونچی اور انتظار میں تھی ایک اجنبی شخص سے خاتون بات چیت کررہی تھی کہ اس دوران وارڈ بوائے ناگراجو ان کے قریب آیا اور دونوں کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے خاتون کو ہاسپٹل کی پہلی منزل پر لے گیا اور اس کی عصمت ریزی کی ۔ اس بات کو راز میں رکھنے اور کسی کو بتانے کے خلاف سخت انتباہ دیا ۔ یہ بات ہوم گارڈ قمر الہٰی کے علم میں تھی ۔ خاتون رات دیر گئے بنجارہ پولیس پہونچی اور بنجارہ ہلز پولیس کے مشورہ پر 4 مئی کو افضل گنج پولیس سے شکایت کردی۔ اے سی پی نے بتایا کہ اس سلسلہ میں دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔۔