دن دھاڑے سرقہ کی واردات

سوریا پیٹ۔/22جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سوریا پیٹ میں گذشتہ چند دنوں سے سرقہ کی سنگین وارداتیں پیش آرہی ہیں۔ گھر مقفل کرکے کہیں جانا عوام کیلئے محال ہوگیا ہے۔ سارقین گھروں پر تالا لگا دیکھ کر بلا خوف وخطر تالا توڑ کر گھروں میں گھستے ہوئے سرقہ کررہے ہیں۔ ٹاؤن پولیس کے مطابق کل دن دھاڑے سری نگر کالونی میں سارقین نے نقد رقم اور زیورات اڑالئے ۔ تفصیلات کے بموجب ایم سرینواس یادو سابق ایم پی ٹی سی ایل آئی سی ایجنٹ ساکن سری نگر کالونی کی بیوی اپنے کسی رشتہ دار کے یہاں گئی ہوئی تھی سرینواس نے صبح دس بجے تالا لگاکر اپنے کام پر چلا گیا۔ دوپہر ایک بجے جب گھر لوٹا تو دیکھا کہ درواہ کی کنڈی ٹوٹی پڑی ہے اور الماری کھلی ہوئی ہے اور سامان بکھرا ہوا ہے اور ڈھائی تولہ سونا اور 30ہزار روپئے غائب ہیں۔ سرینواس نے فوری ٹاؤن پولیس کو اطلاع دی۔ کرائم ایس آئی عبدالجبار نے اپنی جمعیت کے ساتھ پہونچ کر جائے واردات کا معائنہ کیا اور مقدمہ درج کرتے ہوئے سارقین کی تلاش شروع کردی۔

ڈبرآباد گلبرگہ میں نوجوان کا قتل
گلبرگہ۔/22جنوری،(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر کے نواحی علاقہ ڈبرآباد تعلقہ گلبرگہ میں ایک 32سالہ نوجوان مہیش کمار رام چندر بھنڈاری کا دوسرے نوجوان 26سالہ شانت اپا چندراپا نے تیز دھاری ہتھیار کی مدد سے وار کرکے قتل کردیا۔ مہیش کمار کو زخمی حالت میں سرکاری ہاسپٹل میں شریک کروادیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر گرامین پولیس اسٹیشن کے سی پی آئی ڈی جی راجنا اور متعلقین نے مقام واردات کا معائنہ کیا اور شکایت درج کرلی ہے۔ تحقیقات جاری ہیں۔

گلبرگہ میں اساتذہ کا ورکشاپ
گلبرگہ۔/22جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمہ تعلیمات آج 23جنوری کو پی ڈی اے کالج آف انجینئرنگ گلبرگہ میں ہائی اسکول اساتذہ کے لئے ایک ورکشاپ منعقد کررہا ہے۔ یہ ورکشاپ تدریسی طریقوں کو بہتر سے بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ نئی ٹکنالوجی کے استعمال پرزور دے گا۔ ورکشاپ کااہم مقصد ایس ایس ایل سی طلباء کے امتحانی نتائج کو بہتر سے بہتر بنانا ہے۔ ماہر تعلیم گروراج اس موقع پر ایک لکچر دیں گے۔