دنیا بھر میں نام کمانے والی 100 خواتین کی فہرست

لندن ، 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر میں اپنے کام سے مختلف شعبوں میں نام کمانے والی 100 خواتین کی فہرست جاری کر دی گئی ہے، اس فہرست میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی پانچ خواتین کے نام بھی شامل ہیں، یہ فہرست برطانوی نشریاتی ادارے نے جاری کی ہے، جو ان خواتین کے ناموں پر مبنی ہے جنہوں نے، سائنس اور آرٹ کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار سے دنیا بھر میں نام کمایا اور خوب شہرت اور عزت پائی۔ فہرست میں پاکستانی آسکر ایوارڈ یافتہ خاتون شرمین عبید چنائے، پاکستان کی پہلی خاتون کارٹونسٹ نگار نذر، انٹر نیٹ حقوق کی سرگرم کارکن ثناء سلیم، انسانی حقوق کی کارکن اور فلم ڈائریکٹر پاکستانی نژاد برطانوی شہری سارہ خان اور سینئر ڈائریکٹر ورلڈ اکنامک فورم سعدیہ زاہدی کے نام شامل ہیں۔ 100 خواتین کی اس فہرست میں حال ہی میں امن کا نوبل انعام پانے والی پاکستان کی ملالہ یوسف زئی کا نام شامل نہیں ہے۔