نئی دہلی ۔ 18 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سیاسی میدان میں دو کٹر حریف وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کو شخصی مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ کل سٹی پولیس کمشنر بی ایس بسی کی جانب سے ترتیب دیئے گئے استقبالیہ میں اروند کجریوال اپنی اہلیہ سنیتا اور ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا کے ہمراہ انووا کار میں پہنچے۔ ان کی آمد پر میزبانوں نے گھیر لیا۔ کجریوال کچھ دور تک چلتے رہے اور پھر وزیراعظم کے ہمراہ ایک صوفے پر بیٹھ گئے۔ ان دونوں کے درمیان وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ تھے۔ بی جے پی چیف منسٹر امیدوار کرن بیدی بھی کجریوال کے قریب بیٹھی تھی۔ بات چیت کے دوران دہلی چیف منسٹر کو اچانک کھانسی شروع ہوگئی، جس پر نریندر مودی اور دیگر نے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھنے کا مشورہ دیا۔ سیسوڈیا نے جب کہا کہ کجریوال گذشتہ 10 تا 12 سال سے دمہ کا شکار ہے۔ تب وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں بنگلور کے ڈاکٹر ناگیندر کا نام تجویز کیا اور کہا کہ وہ دمہ کے علاج کے ماہر ہیں۔ عام آدمی پارٹی سربراہ نے مودی کی تجویز پر اپنا سر اثبات میں ہلایا۔