دمشق ۔ 21اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شام میں داعش شدت پسندوں نے گزشتہ شب 27 مغویوں میں سے دو خواتین اور 4 بچوں کو رہا کردیا ہے۔ اغواشدگان اقلیتی گروہ دروز سے تعلق رکھتے تھے جنہیں داعش نے رواں برس جولائی میں سویدہ صوبے میں اغواء کیا تھا۔اقوام متحدہ کے مبصرین انسانی حقوق برائے شام کے گروپ سربراہ نے میڈیا کو بتایا کہ داعش جنگجوؤں نے ان افراد کو قیدیوں کے تبادلے اور تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا کیا ہے جب کہ دوسرے مرحلے میں مزید افراد کو جلد رہا کردیا جائیگا۔آبزرویٹری سربراہ عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ مغویوں کی رہائی کیلئے 60 داعش قیدیوں کو آزاد کیا گیا جبکہ 27 ملین ڈالر تاوان کی ادائیگی کی گئی ہے۔ داعش سے مذاکرات میں مقامی قبائلی قیادت اور معززین نے تعاون کیا۔واضح رہے کہ شام میں داعش سربراہ ابوبکر البغدادی نے اپنی خلافت کے قیام کا اعلان کرکے حکومت کے خلاف علم بغاوت بلند کیا تھا ۔