دلیپ کمار کی سوانح حیات کی بگ بی و عامر کے ہاتھوں اجرائی

ممبئی ، 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) میگا اسٹار امیتابھ بچن اور ایکٹر عامر خان افسانوی اداکار دلیپ کمار کی سوانح حیات آئندہ ماہ جاری کریں گے۔ ’Substance and Shadow‘ کے زیرعنوان یہ سوانح حیات جس کے مصنف اودے تارا نائر ہیں، قبل ازیں گزشتہ سال دلیپ کمار کی 91 ویں سالگرہ پر جاری کی جانے والی تھی، لیکن اب اسے 9 جون کو منظرعام پر لایا جائے گا۔ مصنف اودے نائر ، بالی ووڈ کے شہنشاہ جذبات کے قریبی فیملی فرینڈ بھی ہیں۔ یہ کتاب کی بگ بی اور عامر خان کے ہاتھوں اجرائی دلیپ کمار،

اُن اہلیہ سائرہ بانو، لجنڈری پلے بیک سنگر لتا منگیشکر اور خود مصنف نائر کی موجودگی میں عمل میں آئے گی۔ ویٹرن ایکٹر کی پیدائش محمد یوسف خان کی حیثیت سے ہوئی لیکن انھوں نے بطور فلمی نام ’دلیپ کمار‘ اختیار کیا۔ چھ دہوں پر محیط کیریئر میں افسانوی اداکار نے ’مدھومتی‘، ’دیوداس‘، ’مغل اعظم‘، ’گنگا جمنا‘، ’رام اور شیام‘ ، ’کرما‘ اور کئی دیگر ہٹ فلمیں دیئے ہیں۔انھیں ’انداز‘، ’بابل‘، ’میلہ‘، ’دیدار‘ اور ’جوگن‘ و دیگر فلموں میں قسمت کا مارا عاشق کا کردار بخوبی نبھانے پر ’شہنشاہ ِ جذبات‘ کا لقب ملا۔ وہ آخری مرتبہ فلم ’قلعہ‘ میں 1998ء میں دکھائی دیئے۔ دلیپ کمار کو 1991ء میں پدم بھوشن اور 1994ء میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔