دلیپ کمار ، راج کپور کی حویلیوں کی خریدی کیلئے حکومت کا فیصلہ

پشاور ۔ /22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں خیبر پختون خواہ صوبائی حکومت نے ماقبل تقسیم دور کی 25 اہم عمارتوں کو خریدلینے کا فیصلہ کیا ہے جن میں بالی ووڈ کے افسانوی اداکاروں دلیپ کمار او ر راج کپور کے آباء و اجداد کے گھر بھی شامل ہیں ۔ ان گھروں کو قومی ورثے کی عمارتیں قرار دیا جاچکا ہے ۔ راج کپور کا گھر ’کپور حویلی‘ کہلایا جاتا ہے جو قصہ خورنی بازار میں واقع ہے ۔ یہ حویلی 1918 ء اور 1922 ء کے درمیان ماقبل تقسیم کے برطانوی ہند کے دور میں راج کپور کے دادا دیوان بسیشورناتھ کپور نے تعمیر کروایا تھا ۔ راج کپور کے چچا ترلوک کپور اس حویلی میں پیدا ہوئے تھے ۔ پشاور کے قصہ خورنی بازار علاقہ میں ہی افسانوی اداکار دلیپ کمار کے آباء و اجداد کا 100 سال قدیم بنگلہ واقع ہے ۔ یہ عمارت اب کافی شکستہ ہوگئی ہے جس کو نواز شریف حکومت نے 2014 ء میں وفاقی آثار قدیمہ قانون کے تحت قومی وراثت کی حامل قرار دیا تھا ۔ خیبر پختون خواہ حکومت ماقبل تقسیم دور سے تعلق رکھنے والی تاریخی اہمیت کی حامل 25 عمارتوں کی خریدی کے لئے 62 کروڑ روپئے مختص کی ہے ۔