دلہن کے گلے سے منگل سوتر کا سرقہ خاتون سارق کو عوام نے پکڑ لیا

یلاریڈی۔ 3 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے علاقہ کناریڈی میں ہورہی شادی میں دلہن کے گلے سے منگل سوتر کا سرقہ کرنے کا واقعہ پیش آیا۔ موضع کناریڈی کے پوچیا کی بیٹی کی شادی کے موقع پر تین نامعلوم خواتین نے لڑکے والوں کی طرف سے شادی کی تقریب میں شرکت کی اور دلہن سے ملاقات کرتے ہوئے اس کے گلے سے 3 تولے سونے کا منگل سوتر کا سرقہ کرلیا اور راہ فرار اختیار کی۔ کچھ ہی دیر میں دلہن نے اپنے گلے میں منگل سوتر نہ پاکر افرادِ خاندان کو بتایا جس پر شادی کے موقع پر ہلچل مچ گئی۔ اسی وقت کار میں بیٹھ کر فرار ہورہی 3 خواتین کو مہمانوں نے مل کر روک لیا۔ کار کی تلاشی لینے پر میاٹ کے نیچے سونے کا منگل سوتر دستیاب ہوا۔ منگل سوتر ملتے ہی عوام نے سارق خواتین کی خوب پٹائی کرکے پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے ان سارق خواتین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔