دلفریب اسکارف ہی جاذب نظر

چند سال پہلے برقع کے ساتھ خواتین و لڑکیاں حجاب یا سرڈھانپنے کیلئے پلین جارجٹ کے سیاہ براؤن یا اسی طرح کے بنیادی رنگوں کے حامل اسکارف کا استعمال کیا کرتی تھیں ۔ عموماً برقعوںکے ساتھ سیاہ رنگ کا اسکارف زیادہ پہنا جاتا تھا ۔ لیکن آج نوجوان لڑکیاں مختلف رنگوں اور ڈیزائن

کے اسکارف پہننا پسند کرتی ہیں جوبے حد خوبصورت و منفرد لگتے ہیں ۔ پردے کی غرض سے اور ٹرینڈ کے مطابق لڑکیاں و خواتین ان اسکارف کا استعمال بہت ذوق و شوق سے کررہی ہیں ۔ نوجوان لڑکیاں کالج ، یونیورسٹی یا جاب پر جانے کیلئے ان اسکارف سے سر کو ڈھانپ لیتی ہیں یا باندھ لیتی ہیں جو نہایت خوبصورت لگتا ہے ۔ شلوار قمیص کے ساتھ ماڈرن ڈریس پر بھی اسکارف کا استعمال مقبول ہورہا ہے ۔ حجاب مشرقی عورت کا طرئہ امتیاز رہا ہے اور مغلیہ دور میں اس میں نمایاں تبدیلیاں رونما ہوئیں ۔ شاہی خواتین مرد حضرات کی آمد پر پردے کیلئے اپنے سروں اور چہرے پر چنیریاں ڈال لیتی تھیں جو گونہ کناری اور ستاروں سے مزین ہوتی ہے جبکہ آج کل پرنٹڈ اسکارف کا فیشن نہ صرف مسلم خواتین بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی مقبول ہورہا ہے ۔ مارکیٹ میں نت نئے انداز و ڈیزائن کے اسکارف کی روائٹی بآسانی دستیاب ہے جن میں کاٹن ، جارجٹ ، نیٹ اور جرسی کے اسکارف قابل ذکر ہیں ۔ آج کل ڈیجیٹل پرنٹ اسکارف بھی فیشن میں مقبول ہورہے ہیں ۔جو مشہور ملکی و غیرملکی برانڈ کی کمپنیاں خواتین کے ذوق کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کررہی ہیں ۔ آپ گھر پر خود بھی کسی بھی خوبصور ت پرنٹ کا کپڑا لے کر اسکارف تیار کرسکتی ہیں اور دیدہ زیب و منفرد نظر آسکتی ہیں یا آپ اپنی پسند کے مطابق انہیں خرید کر استعمال کرسکتی ہیں اور خوبصورت اور جاذب نظر آسکتی ہیں ۔