دلشان اور سنگارکارا کی سنچریاں‘ سری لنکا 92رنز سے فاتح

ملبورن۔26فبروری( سیاست ڈاٹ کام ) اوپنر تلک رتنے دلشان اور کمارا سنگاکارا کی شاندار سنچریوں کی بدولت سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر 323رنز اسکور کرتے ہوئے جوابی اننگز میں بنگلہ دیش کو 240رنز پر ڈھیر کیا اور 92رنز کی اہم کامیابی حاصل کی ۔ بنگلہ دیش کیلئے شبیررحمن کی نصف سنچری اور شکیب الحسن کے 46رنز کے مظاہرے نمایاں ہونے کے باوجود ٹیم مقررہ 50اوورس بھی نہیں کھیل پائی تھی ۔ بنگلہ دیش کو شدید نقصان لستھ ملنگا نے پہنچایا ۔ جیسا کہ انہوں نے دوسری ہی گیند پر تمیم اقبال (0) آؤٹ کرنے کے علاوہ 9اوورس میں 35رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ سرنگالکمل نے 49رنز کے عوض 2اور دلشان نے 8اوورس میں 35رنز دے کر دو کھلاڑیوں کوپویلین کی راہ دکھائی ۔ شبیر رحمن نے 62گیندوں میں 7چوکوں پر مشتمل 53رنز اور شکیب الحسن نے 49گیندوں میں 4چوکوں

اور ایک چھکے کی مدد سے 46رنز بنائے ۔ دیگر بیٹسمینوں میں مشفق الرحیم (36) ‘ انعام الحق (29) اور محمود اللہ (28)نے قابل ذکر اسکور بنایا ۔ قبل ازیں دلشان نے 146گیندوں میں 22چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر161رنز بنائے جب کہ کمارا سنگاکارا نے 76گیندوںمیں 13چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل اپنی اننگز میں 105رنز بنائے ۔ دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کیلئے 210رنز کی پارٹنرشپ بنی ۔ قبل ازیں دلشان اور تھریمینے نے اننگز کا کامیابی آغاز کرتے ہوئے 24.3اوورس میں پہلی وکٹ کیلئے 122رنز جوڑے ۔ سری لنکا کیلئے آؤٹ ہونے والے واحد بیٹسمین تھریمینے رہے جنہوں نے تین چوکوں کی مدد سے 52رنز اسکور کئے جنہیں روبیل حسین نے تسکین احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا ۔