دلسکھ نگر دھماکہ کیس ‘ملزم کی عدالت میں پیشکشی

حیدرآباد 6 اپریل ( سیاست نیوز) دلسکھ نگر جڑواں بم دھماکے کیس کی تحقیقات کررہی نیشنل انوسٹی گیشن ٹیم (NIA)نے آج دھماکہ کیس کے اہم ملزم اعجاز شیخ کو پروڈکشن وارنٹ پر رنگا ریڈی کورٹ میں پیش کیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ تہاڑ جیل میں محروس اعجاز سعید شیخ جس کا رول سال 2013 دلسکھ نگر دھماکے میں بتایا جاتا ہے کو شہر منتقل کرنے یہاں کی مقامی عدالت نے پروڈکشن وارنٹ جاری کیا تھا ۔ این آئی اے عہدیداروں نے آج اسے رنگا ریڈی کی خصوصی این آئی اے عدالت میں پیش کرتے ہوئے اسے دس دن کیلئے پولیس تحویل میں دینے کی درخواست داخل کی ہے ۔ تحقیقاتی ایجنسی نے دھماکہ کیس کے کلیدی ملزم یسین بھٹکل کو بھی پولیس تحویل میں دینے کیلئے عدالت میں درخواست داخل کی ہے ۔ جڑواں بم دھماکوں کیس کا ملزم نمبر 6 اعجاز شیخ جامع مسجد دہلی میں پیش آئے دہشت گرد حملے اور دیگر بم دھماکوں میں مبینہ طور پر ملوث بتایا جاتا ہے ۔ اعجاز شیخ کی پولیس تحویل کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے ایڈوکیٹ شیخ خالد سیف اللہ نے درخواست داخل کی ہے اور اس درخواست پر عدالت دونوں وکلاء کی بحث کے بعد فیصلہ کرے گی۔