دلت طبقات کے مسائل کا جائزہ لینے ہر تین ماہ میں اجلاس

وقارآباد میں چیرمین کمیشن اے سرینواس کی مخاطبت
تانڈور /22 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر آفس وقارآباد میں ایس سی ایس ٹی کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا ۔ شری اے سرینواس چیرمین کمیشن نے خطاب کیا ۔ اجلاس کی صدارت سید عمر جلیل ضلع کلکٹر نے کی ۔ مسٹر سرینواس چیرمین ایس سی ایس ٹی کمیشن نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایس سی ایس ٹی طبقات پر ہو رہے مظالم کا تدارک انہیں درپیش دیگر مسائل کو حل کرنے ، دلت طبقہ کے نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنے اور دیگر مسائل کی یکسوئی کرنے کی خاطر حکومت نے اس کمیشن کا قیام عمل میں لایا ہے ۔ شری سرینواس نے دلت طبقات کے مسائل پر نظر رکھنے اور ان کو وقت بہ وقت جائزہ لینے والی کمیٹی کے ارکان سے کہا تین ماہ میں ایک مرتبہ جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے اور ہر ماہ 30 تاریخ کو ڈیویژن اور منڈل سطح پر انسانی حقوق پر اجلاس منعقد کئے جائیں ۔ سفارشات و شکایات ضلع کلکٹر کے توسط سے کمیشن کو روانہ کی جائے ۔ حکومت کی اسکیمات سے استفادہ کیلئے ایس سی ایس ٹی طبقات میں شعور بیداری کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی ایس ٹی کمیشن کو سیول کورٹ کے مساوی قانونی اختیارات حاصل ہیں ۔ ابھی حلقہ میں ایس سی ایس ٹی طبقات پر ہونے والے مظالم اور ناانصافی پر رکن اسمبلی حرکت میں آئے ۔ سید عمر جلیل ضلع کلکٹر نے کہا کہ حکومت کی اسکیمات سے ایس سی ، ایس ٹی طبقات کو مستفید کیا جائے گا ۔ اجلاس میں سنجیو راؤ ایم زیڈ اے وقارآباد ، ٹی رام موہن ریڈی رکن اسمبلی پرگی نے بھی شرکت کی اور خطاب کیا ۔