میدک میں یوم پیدائش تقریب ، آر ڈی او ناگیش گوڑ کا خطاب
میدک /5 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت پسماندہ طبقات کی ترقی کے لئے کئی پالیسیوں کا احیاء عمل میں لارہی ہے۔ کمزور طبقات کو چاہئے کہ حکومت کی اختراعی پالیسیوں سے مستفید ہوں۔ آر ڈی او میدک ایم ناگیش گوڑ نے محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے دفتر آر ڈی او کے احاطہ میں منعقدہ بابو جگجیون رام کی 108 ویں یوم پیدائش تقریب میں شرکت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ بابو جگجیون رام سماجی مساوات اور سماجی انصاف کے پابند تھے۔ انھوں نے بابو جگجیون رام کی جانب سے دلتوں کے لئے انجام دی گئی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے آنجہانی قائد کو بھرپور خراج ادا کیا۔ قبل ازیں آنجہانی جگجیون رام کے پورٹریٹ پر پھول مالا ڈالتے ہوئے شرکاء نے زبردست خراج ادا کیا اور جیوتی روشن کیا۔ انھوں نے دلتوں کو بابو جگجیون رام کی پالیسیوں کو مشعل راہ بنانے کا مشورہ دیا۔ مسٹر ناگیش نے تقریب میں موجود ہاسٹل کی لڑکیوں اور لڑکوں کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کی منزلوں کے حصول کے لئے صرف تحفظات پر تکیہ نہ کریں، بلکہ عام زمرہ میں آکر اپنی زندگیوں کو روشن کریں۔ صدر نشین بلدیہ میدک اے ملکا رجن گوڑ نے کہا کہ آنجہانی جگجیون رام دو کلاس کلچر کے سخت مخالف تھے۔ انھوں نے ریاستی وزیر اعلی کے سی آر کے اصولوں اور پالیسیوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر نے پسماندہ طبقات کی ترقی کے لئے 150 کروڑ روپئے مختص کیا ہے۔ انھوں نے آنجہانی قائد کی دلتوں اور ملک کے لئے کی گئی خدمات کو بھرپور خراج ادا کیا۔ مسٹر ملک نے جلسہ میں موجود طلبہ سے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں اور مراعات سے مستفید ہوتے ہوئے اپنی زندگیوں میں انقلاب لائیں۔ کمشنر بلدیہ ایم وینکٹیشم اور ڈی ایس پی میدک ایس راجہ رتنم نے بھی مخاطب کیا اور آنجہانی قائد کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے طبلہ کو مشورہ دیا کہ اعلی سے اعلی تعلیم حاصل کرکے سماج میں اپنا وقار بلند کریں۔ چیرمین بلدیہ ملک ارجن گوڑ کی اپیل پر ضلع نلگنڈہ کے سوریا پیٹ میں شہید ہونے والے پولیس عہدہ دار اور اہلکار کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ اس تقریب کو سابق سی ڈی پی او شریمتی نونیتا کے علاوہ دلت قائدین، دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے اساتذہ، سابق ایم ای او اور موجودہ ایم ای او نے بھی مخاطب کیا۔ اسسٹنٹ سوشیل ویلفیر آفیسر محترمہ وسنتا نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر گیت سناکر آنجہانی قائد کو بھرپور خراج ادا کیا گیا۔ اس موقع پر بلدی کونسلرس سلوچنا، ایم لکشمی، جلا گاھتری، جیو جیوتی، ڈی لکشمی، ایم گنگادھر، سید صادق، سید منیر، کلچرم یادگیری، اروند گوڑ، لگاریڈی، کرشنا ریڈی، جیون راؤ، پدما راؤ کے علاوہ مقامی ریسیڈنشل مدارس کے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد شریک تھی۔