دلتوں کی زبوں حالی کیلئے آر ایس ایس / بی جے پی ذمہ دار

نئی دہلی۔2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج آر ایس ایس اور بی جے پی کو دلتوں کی دِگرگوں صورتحال کے لیے ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ وہ اس کمیونٹی کے بھائی بہنوں کو سلام کرتے ہیں جو مودی حکومت کے خلاف اپنے حقوق کے تحفظ کے سلسلہ میں سڑکوں پر آئے ہیں۔ راہول کے یہ ریمارکس کا پس منظر کئی دلت تنظیموں کی جانب سے آج ملک گیر بند کی اپیل ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے ایس سی/ ایس ٹی ایکٹ کے تحت گرفتاری کے دفعات میں نرمی لائے جانے پر احتجاج ہورہا ہے۔ راہول نے ٹوئٹر پر کہا کہ دلتوں ہندوستانی سماج میں بدستور نچلی سطح پر رکھنا آر ایس ایس/ بی جے پی کے ’ڈی این اے ‘ میں شامل ہے۔ کوئی بھی جو اس رویہ کو چیلنج کرے اسے تشدد کے ذریعہ کچل دیا جاتا ہے۔ صدر کانگریس نے دلت بھائیوں اور بہنوں کی تعریف کی جو مودی حکومت سے اپنے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کررہے ہیں۔ راہول اور ان کی کانگریس پارٹی نے بی جے پی اور مودی حکومت کو اس کی مخالف دلت ذہنیت پر حدف تنقید بنایا ہے۔ سپریم کورٹ نے 20 مارچ کو اس قانون کے دفعات کو نرم کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرکاری خدمت گزاروں کو اور عام شہریوں کو بھی قانون کے تحت انکوائری کے بعد بھی متعلقہ اتھاریٹی سے منظوری کے بعد گرفتار کیا جانا چاہئے۔