دلتوں کی تائید حاصل کرنے کیلئے کانگریس کی ایک سال طویل امبیڈکر تقاریب

سونیا گاندھی کی زیر صدارت اجلاس میں پروگرام کو قطعیت
نئی دہلی ۔ 13 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کانگریس صدر سونیا گاندھی کی زیر صدارت ایک اجلاس میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی 125 ویں یوم پیدائش تقاریب ایک سال تک منانے کے لیے ایک پروگرام کو قطعیت دیدی گئی تاکہ انتخابات میں شکست کے بعد دلتوں میں کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کی از سر نو کوشش کی جاسکے ۔ پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی جو کہ تقاریب کمیٹی کے نائب صدر نشین ہیں مذکورہ اجلاس میں غیر حاضر تھے جب کہ دستور ہند کے معمار ڈاکٹر امبیڈکر کی 125 ویں یوم پیدائش تقریب منگل کے دن منعقد ہوگی ۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ چونکہ راہول گاندھی کل رات دیر گئے تک بھی قومی دارالحکومت واپس نہیں ہوسکے لہذا وہ اس اجلاس میں شرکت نہیں کرسکے ۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی زیر قیادت کمیٹی کے اجلاس میں ایک اور نائب صدر تقاریب کمیٹی اور سابق مرکزی وزیر سوشیل کمار شنڈے نے ایک سال طویل پروگرام پر روشنی ڈالی ۔ ذرائع نے بتایا کہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران پارٹی نے دلتوں کے لیے تفویض اختیارات پر ایک منشور وضح کیا تھا اور یہ مستقبل کے منصوبوں کے لیے رہنمایانہ خطوط پر کام کرے گا ۔ پارٹی نے بتایا کہ نائب صدر راہول گاندھی جو کہ 6 ہفتے قبل اچانک رخصت پر چلے گئے تھے 19 اپریل کے کسان ۔ کھیت مزدور ریلی میں حصہ لیں گے اور توقع ہے کہ وہ دہلی واپس آنے پر امبیڈکر کی یادگار تقاریب میں شرکت کریں گے ۔ امبیڈکر کی وراثت سے مربوط مقامات مہو ، ممبئی اور ناگپور میں قومی پروگرامس منعقد کرنے کانگریس کا منصوبہ ہے جب کہ کانگریس کے ریاستی یونٹس اس نوعیت کے پروگرامس اپنے ہیڈکوارٹرس میں منعقد کریں گے ۔ کانگریس امبیڈکر کی جائے پیدائش مہو میں بھی کل ایک تقریب منعقد ہوکرے گی ۔ جس میں اے آئی سی سی کے سینئیر قائدین شرکت کریں گے ۔ کانگریس نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ اس کا ایک سالہ طویل تقاریب کے اختتام پر سماج تبدیلی کے لیے کام کرنے والوں کو امبیڈکر ایوارڈ عطا کیا جائے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اترپردیش میں دلتوں کے ووٹ بی جے پی کی سمت منتقل ہوگئے ہیں اور راہول گاندھی کے متعدد دوروں کے باوجود ان کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔ جس کو کانگریس خطرہ کی گھنٹی تصور کرتی ہے ۔ تاہم کانگریس کو یہ بھی اندیشہ ہے کہ دلتوں کو اپنے حق میں کرنے کی کوششوں سے کہیں صدر بی ایس پی مایاوتی ناراض نہ ہوجائے جو کہ کانگریس کی حلیف جماعت ہے ۔