دلتوں اور اقلیتوں کے حقوق کو پامال کرنے کا حکومتوں پر الزام

تلنگانہ میں بی ایس پی کی دستک

نفرت اور مذہب کی سیاست پر عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے ‘ بھینسہ میں انتخابی جلسہ سے بی ایس پی قائدین کا خطاب
نرمل ۔ 28 اکٹوبر ( سیدجلیل ازہر کی رپورٹ) بہوجن سماج پارٹی کے مرکزی و ریاستی قائدین ویر سنگھ راجیہ سبھا ایم پی و بی ایس پی مرکزی کوآرڈینیٹر کے علاوہ تلنگانہ بی ایس پی صدر بالایا اور تلنگانہ سکریٹری گنگادھر نے بھینسہ کا دورہ کرتے ہوئے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بی ایس پی کی انتخابی مہم کا آغاز کیا ۔ مذکورہ بی ایس پی قائدین کی بھینسہ آمد پر مرلا گنڈہ ایم پی ٹی سی سریکھا پرکاش راتھوڑ نے اپنے سینکڑوں حامیوں کے ہمراہ زبردست خیرمقدم کیا ۔ بعدازاں یہ ریالی کوبیر شاہراہ پر واقع ایک جیٹنگ فیاکٹری پہنچی جہاں پرایک جلسہ منعقد کیا گیا ۔ اس جلسہ میں مرلا گنڈہ ایم پی ٹی سی سریکھا پرکاش راتھوڑ نے اپنے سینکڑوں حامیوں توگم پنگلے ‘ عبدالباری و دیگر کے ہمراہ بی ایس پی پارٹی میں شمولیت اختیار کی جن کوبی ایس پی مرکزی کوآرڈینیٹر و راجیہ سبھا ایم پی ویرسنگھ نے پارٹی کھنڈوا پہناکر استقبال کیا ۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بی ایس تلنگانہ صدر بالایا اور سکریٹری گنگادھر نے ٹی آر ایس اور کانگریس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ٹی آر ایس دور حکومت میں دلتوں ‘ قبائیلوں ‘ پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کو گمراہ کرتے ہوئے دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا ۔ اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی ایس پی کو کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی ۔ اس موقع پر مرلا گنڈہ ایم پی ٹی سی و بی ایس پی تعلقہ مدہول نامزد ایم ایل اے امیدوار سریکھا پرکاش راتھوڑ نے کہاکہ تعلقہ مدہول کی عوام بالخصوص قبائیلیوں ‘ دلتوں اور پسماندہ طبقات کو ہر پارٹی کے ایم ایل اے نے دھوکہ دیتے ہوئے پسماندگی میں ڈھکیلا ہے ان طبقات کی اس تڑپ اور پسماندگی کو دیکھتے ہوئے انکم ٹیکس آفیسر پرکاش راتھوڑ نے کئی فلاحی ‘ سماجی خدمات کو انجام دیتے ہوئے ان طبقات میں تعلیمی پروگرام اور روزگار کے لئے دوڑ دھوپ کی ہے جس میں تعلقہ مدہول کی عوام اچھی طرح واقف ہے ۔ سریکھا پرکاش راتھوڑ نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں تمام عوام بی ایس پی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہیں تب تعلقہ کی ترقی کے لئے بہتر سے بہتر اقدامات کرتے ہوئے میڈیکل کالج کے قیام کیلئے کوشش کی جائیگی ۔ تعلقہ کے تمام طبقات کے نوجوانوں کے لئے تعلیمی اور روزگار کے وسائل پیدا کئے جائیں گے ۔ آخر میں بی ایس پی مرکزی کوآرڈینیٹر و راجیہ سبھا ایم پی ویرسنگھ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ 70 سالوں سے ملک پر حکومت کرنے والے پارٹیوں نے دلتوں ‘ پسماندہ طبقات ‘ قبائیلیوں اور اقلیتوں کو نظرنداز کر تے ہوئے حقوق کو دبایا ہے ۔اس لئے بی ایس پی سربراہ بہن مایاوتی کو مذکورہ طبقات نے اپنا قائد تسلیم کیا ہے اورآئندہ پارلیمنٹ انتخابات میں مایاوتی کو وزیراعظم بنانے کے لئے عوام بے چین ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں موجود ہ 119 اسمبلی نشستوں پر بی ایس تنہا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے 119 امیدواروں کو میدان میں اتارنے کے لئے منصوبہ بندی کی ہے ۔ کیونکہ تلنگانہ میں بی ایس پی مضبوط پارٹی بن رہی ہے ۔ ویرسنگھ راجیہ سبھا ایم پی نے مرکزی حکومت اور بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بی جے پی وزیراعظم نریندرمودی نے اچھے دن لانے کے بجائے عوام کوبرے دنوں کا تحفہ فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کا موسم آتے ہی بی جے پی رام مندر کامسئلہ اٹھاتے ہوئے نفرت اور مذہب کی سیاست میں عوام کو گمراہ کرتی ہے لیکن عوام ایسے گمراہ کن قائدین و پارٹیوں کے جھانسہ میں نہ آئیں اور دلتوں ‘پسماندہ طبقات ‘ قبائیلیوں ‘ اقلیتوں کے لئے تڑپ رکھنے والی بی ایس پی کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں اور ملک کے علاوہ ریاست میں بھائی چارگی و ملنساری کی قیادت کو قبول کریں ۔ نفرت و ذات پا ت کی سیاست کو ختم کریں اور ملک کے دستور اور پسماندہ طبقات کے حقوق کی حفاظت کریں ۔ کیونکہ آج امبیڈکر صاحب کا بنایا ہوا دستور خطرہ میں ہے ۔ اس کی حفاظت صرف اور صرف بہن مایاوتی اور بی ایس پی کے اقتدار سے ہی یقینی ہے ۔ انہوں نے آخر میں بی ایس پی کے تعلقہ مدہول نامزد ایم ایل امیدوار سریکھا پرکاش راتھوڑ کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی خواہش کی ۔ اس اجلاس میں دلت طبقہ کے ذمہ دار گریدھر جنگے ‘ ضلعی بی ایس پی ذمہ دار گنگادھر و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر گریدھر جنگے و دیگر سینکڑوں افراد نے بی ایس پی میں شمولیت اختیارکی ۔اس جلسہ میں مدہول تعلقہ کے ہزاروں افراد مرد و خواتین شریک تھے ۔ آخر میں بی ایس پی مدہول نامزد ایم ایل نے امیدوار سریکھا پرکاش راتھوڑ نے تمام شرکاء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔