گلبرگہ 28؍جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) :حیدرآبادر کرناٹک مسلم ڈیولپمنٹ فورم گلبرگہ کے زیر اہتمام 66ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر کل گیارہ بجے دن القریش پبلک اسکول صدر محلہ مومن پورہ گلبرگہ میں جلسہ بیداری دستور کی دفعہ(j)371منعقد ہوا۔ جناب محبوب علی پاشاہ نواڑے صدر جمعیت القریش گلبرگہ نے جلسہ کی صدارت کی ، مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے حفیظ اللہ زنجانی ، ڈاکٹر مرزا منیر بیگ، ڈاکٹر رکن الدین ناصر قریشی، عبدالحفیظ صدیقی ایڈوکیٹ، خضر انصاری موظف لکچرار، مقبول احمد صاحب افضلپوری، محی الدین صاحب انٹر نیشنل اسکول نے شرکت کی ۔ ممتاز آرٹسٹ محمد ایاز الدین پٹیل کو 55ویں نیشنل ایگزیبشن آف آرٹ کا ایوارڈ حاصل ہونے پر تہنیت پیش کی گئی ، محمد معراج الدین کنوینر حیدرآباد کرناٹک مسلم ڈیولپمنٹ فورم نے ابتدائی تقریر کرتے ہوئے حیدرآباد کرناٹک مسلم ڈیولپمنٹ فورم کے قیام کے اغراض و مقاصد بیان کئے ۔ اُنہوں نے کہا کہ دستور کی دفعہ(j)371میں ترمیم کے بعد تعلیمی داخلوں اور ملازمتوں میں تحفظات کے بشمول کئی مراعات علاقہ حیدرآباد کرناٹک کے عوام کو حاصل ہوئی ہیں ، لیکن ناواقفیت کی بناء پر مسلم کمیونٹی ان تحفظات اور مراعات سے خاطر خواہ استفادہ نہیںکر پارہی ہیں، محمد معراج الدین نے مزید کہا کہ مسلمانوں میں دستور کی دفعہ(j)371کے تحت حاصل تحفظات و مراعات کے حصول کا شعور بیدار کرنے کے لئے حیدرآباد کرناٹک مسلم ڈیولپمنٹ فرنٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ حیدرآباد کرناٹک میں شامل6اضلاع اور 25تعلقہ جات میں مسلم فورم کے تحت بیداری مہم چلائی جائیگی۔ مہمانان خصوصی نے حیدرآباد کرناٹک مسلم ڈیولپمنٹ کے قیام اور اُس کے اغراض و مقاصد کی بھر پور ستائش کرتے ہوئے تمام اقلیتی تعلیمی ، سماجی اداروں کے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ حیدرآباد کرناٹک مسلم ڈیولپمنٹ فورم کے تعاون سے دستور کی دفعہ (J)371کے تحت سہولیات و مراعات کے بارے میں وسیع پیمانے پر تشہیر کریں تاکہ مسلمان زیادہ سے زیادہ استفادہ کرسکیں ۔ نوجوانان جمعیت القریش نے جلسہ کے کامیاب انصرام میں نہایت سرگرمی سے حصہ لیا اور آخر میں محمد جلال الدین صدر مدرس القریش پبلک اسکول نے شکریہ ادا کیا ۔