بیدر۔ 28 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) علاقہ حیدرآباد کرناٹک کو خصوصی موقف فراہم کرنے دفعہ 371 پر جلد عمل آوری ہوگی جس کیلئے حیدرآباد کرناٹک علاقائی ڈیولپمنٹ بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ قمرالاسلام ریاستی وزیر کو اس کا چیرمین نامزد کیا گیا ہے جس سے علاقہ کے عوام کو تعلیم، ملازمت اور دیگر شعبہ جات میں ریزرویشن حاصل ہوگا۔ ضلع انچارج وزیر شریمتی اوما شری نے یہ بات بتائی۔ نہرو اسٹیڈیم میں جشن جمہوریہ کے موقع پر وہ عوام کو مخاطب کررہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع میں بیدر ہمناباد کے درمیان ریل سہولت کا آغاز ہوا ہے۔ علاوہ ازیں نیشنل انوسٹمنٹ مینوفیکچرنگ زون قائم کرنے مرکزی حکومت نے منظوری دی ہے جس سے بیدر اور بھالکی تعلقہ کے 12 مواضعات کے 12 ہزار ایکڑ علاقہ پر عمل آوری کی جائے گی۔ حکومت نے محکمہ ٹورازم کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹورازم کے دفتر کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلع بیدر میں راستوں کو درست کرنے 1,609 لاکھ منظور کئے گئے ہیں۔
بھالکی تعلقہ میں مانجرا ندی پرہلسی توگاؤں، کونگلی، سائیگاؤں اور سنگم کے مقام پر چار بڑے پل تعمیر کرنے 33.50 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں جس کے تعمیری کام اندرون 15 یوم شروع ہوں گے۔ بیدر میڈیکل کالج میں بستروں کی تعداد بڑھاکر 750 کردی جائے گی۔ مہاتما گاندھی قومی روزگار اسکیم کے تحت ضلع میں 1,93,357 خاندانوں کا رجسٹریشن کیا گیا ہے جس کے منجملہ 1,92,350 خاندانوں میں روزگار کارڈ تقسیم کئے گئے ہیں۔