نئی دہلی۔ 21 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) دفعہ 370 کی تنسیخ کی مخالفت کرنے والوں کو یہ واضح کرنا چاہئے کہ اس دفعہ سے جموں و کشمیر کو کیا فائدہ پہونچا ؟ صدر بی جے پی راجناتھ سنگھ نے آج یہ سوال کیا اور ریاست کو اس دفعہ کے تحت حاصل خصوصی موقف پر مباحث کی حمایت کی۔ انھوں نے ایک انٹرویو میں کہاکہ دفعہ 370 پر ہمارا یہ موقف اس لئے ہے کیونکہ جموںو کشمیر کو اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے۔ انھوں نے پوچھا کہ کیا فی الواقع دفعہ 370 سے ریاست کو فائدہ ہوا ؟ کیا غربت کم کرنے میں مدد ملی ؟ اگر ایسا ہو تو ہم اس کا خیرمقدم کریں گے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا ۔ بی جے پی نے مجوزہ لوک سبھا انتخابات کیلئے اپنے منشور میں کہا ہے کہ پارٹی دفعہ 370 کے بارے میں اپنے اس موقف کا اعادہ کرتی ہے کہ تمام فریقین کے ساتھ وہ مذاکرات کرے گی اور وہ اس دفعہ کی پابند رہے گی ۔ این ڈی اے اقتدار پر آنے کی صورت میں پاکستان کے ساتھ روابط کے بارے میں انھوں نے کہاکہ ہم دوستانہ روابط کے خواہاں ہیں اور پاکستان سے بھی یہی توقع کرتے ہیں۔ ان اندیشوں پر کہ نریندر مودی حکومت کا پاکستان کے ساتھ رویہ انتہائی سخت ہوگا انھوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی پاکستان اور تمام ممالک کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے ۔